0
Thursday 18 Nov 2021 21:05

ہیومن اسمگلنگ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، ظہیر احمد

ہیومن اسمگلنگ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے، ظہیر احمد
اسلام ٹائمز۔ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی کے ڈائریکٹر اینٹی ہیومن اسمگلنگ اینڈ ٹریفکنگ سردار ظہیر احمد نے کوئٹہ کی ضلع کچہری میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹریفکنگ ان پرسن 2018ء ایکٹ، اسمگلنگ ایکٹ 2018ء جیسے قوانین وقت کی اہم ضرورت ہیں۔ اس وقت انسانی اسمگلنگ بین الاقوامی ڈائمنشن کا جرم ہے۔ بدقسمتی سے پہلے یہاں تارکین وطن جنہیں اسمگلرز اسمگل کرتے تھے، انہیں گرفتار کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر کٹتی تھی۔ اب نئے قانون کے تحت تارکین وطن کے ساتھ متاثرین جیسا برتاؤ کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں تفتان میں ویکٹم ہاؤس قائم کیا گیا ہے، جہاں ڈی پورٹ ہونے والے تارکین وطن کو رکھا جاتا ہے اور پھر انہیں واپس اپنے علاقوں کی طرف بھیج دیا جاتا ہے۔

انہوں نے وکلاء پر زور دیتے ہوئے کہا کہ قانون میں خامیوں کو دور کرنے کیلئے وکلاء کے تعاون کی ضرورت ہے۔ ان قوانین کے تحت کوئی شخص اگر کسی اسمگلر کو گھر میں جگہ دیتا ہے تو مذکورہ شخص کو 3 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ اور غیر قانونی دستاویز بنانے پر بھی 3 سال قید 10 لاکھ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ اسی طرح اگر کسی شخص نے اسمگل ہونے والے شخص کو غیر انسانی طریقے سے گھر میں رکھا یا پھر گاڑی میں رکھا یا کسی شخص کو غیر انسانی طریقے سے ٹرانسپورٹ کیا، تو اس پر 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ایران سمیت مختلف ممالک میں انسانی اسمگلنگ کے شکار افراد کے اغواء جیسے واقعات رونما ہوتے ہیں اور پھر مغویوں کو تشدد کرکے ویڈیوز لواحقین کو بھجوا کر پیسے طلب کئے جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب نئے قوانین کے تحت متاثرین کے ساتھ ویکٹم جیسا برتاؤ کیا جائے گا۔ تاہم انکوائری آفیسر اس کا تعین کرے گا۔ تمام تارکین وطن کا ڈیٹا موجود ہوگا، جس کے تحت اگر کوئی شخص دوسری یا تیسری بار بیرون ملک جانے کی کوشش کرے گا، تو اس پر سزا کا بھی سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے وکلاء کی لائبریری کیلئے ایک لاکھ روپے اپنی طرف سے دینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری نور جان بلیدی ایڈووکیٹ، سٹی کے نائب صدر محمد قاسم مندوخیل، کچلاک کے نائب صدر عباس کاکڑ، فنانس سیکرٹری عمران لانگو و دیگر بھی موجود تھے۔
خبر کا کوڈ : 964290
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش