0
Friday 19 Nov 2021 14:25

وفاقی وزیر کی ویٹیکن سٹی کے سفیر سے ملاقات، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کا عزم

وفاقی وزیر کی ویٹیکن سٹی کے سفیر سے ملاقات، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کا عزم
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر اطلاعات چودھری فواد حسین سے ویٹیکن سٹی کے سفیر کرسٹوف ال کاسیس نے ملاقات کی۔ ویٹیکن سٹی کے سفیر نے دنیا میں امن کو یقینی بنانے کے لئے مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان مذہبی ہم آہنگی کے فروغ پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ویٹیکن سٹی پاکستان میں مقامی چرچوں کے ساتھ تعاون چاہتا ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے دور میں بیانیہ کی جنگ نے ہتھیاروں سے لڑی جانے والی جنگ کی جگہ لے لی ہے، پاکستان اور ہولی سی (ویٹیکن سٹی) جعلی خبروں اور نفرت انگیز مواد کے خاتمہ کیلئے مل کر کام کرسکتے ہیں۔ کچھ ممالک اور گروپس اپنے مخالفین کو بدنام کرنے کے لئے میڈیا کو بطور آلہ کار استعمال کرتے ہیں، اقوام متحدہ کو میڈیا پر جعلی خبروں اور نفرت انگیز مواد روکنے کے لئے فریم ورک تیار کرنا چاہیئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ویٹیکن سٹی کو ایک دوسرے کی ثقافتی اور مذہبی اقدار کے بارے میں آگاہی حاصل کرنے کی ضرورت ہے، ماضی میں رابطے کے لئے ٹیکنالوجی کا فقدان تھا، لیکن اب صورتحال بدل چکی ہے، خبریں تیزی سے پھیلتی ہیں، پروپیگنڈے کا مقابلہ کرنا پوری دنیا کے لئے بڑا چیلنج ہے۔ فواد چودھری نے کہا کہ حکومتیں مرکزی دھارے کے میڈیا پر نفرت انگیز مواد کنٹرول کرسکتی ہیں، لیکن کالعدم تنظیموں کی جانب سے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جا رہا ہے، وزارت اطلاعات و نشریات بین المذاہب ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لئے کام کر رہی ہے، پاکستان میں سکھ مذہب کے بانی بابا گرو نانک کے جنم دن کی تقریبات جاری ہیں، قومی ٹی وی چینل پر بابا گرو نانک کی زندگی اور تعلیمات پر خصوصی پروگرام نشر کئے جا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 964381
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش