0
Friday 19 Nov 2021 21:25
تبدیلی کے دعوے جھوٹ اور فراڈ ثابت ہوئے

اربوں ڈالر کا قرضہ لیا گیا، نہیں معلوم رقم کہاں گئی، قوم حساب چاہتی ہے، سراج الحق 

کرپشن کے خلاف جنگ کرنے کے دعوے داروں نے مافیاز کو مضبوط کیا
اربوں ڈالر کا قرضہ لیا گیا، نہیں معلوم رقم کہاں گئی، قوم حساب چاہتی ہے، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ خیبر پی کے کی صوبائی حکومت بلدیاتی الیکشن سے فرار کے حیلے بہانے بنا رہی ہے۔ کے پی میں بلا بدنام ہوگیا۔ حکمرانوں کو اپنی غیر مقبولیت کا یقین ہے، اسی لیے آئندہ الیکشن میں دھاندلی کے منصوبے ابھی سے تشکیل دیئے جا رہے ہیں۔ عوام کے حقوق غصب کرنے والوں کا یوم حساب قریب ہے۔ اس سے بڑھ کر کیا ظلم ہوگا کہ غریب اپنے بچے کو سکول نہیں بھیج سکتا اور والدین کا علاج افورڈ نہیں کرسکتا۔ اسباب نہ ہونے کی وجہ سے غریبوں کی بچیاں گھروں میں بیٹھی بوڑھی ہو جاتی ہیں۔ اس حکومت نے تعلیم کو عام طالب علم کی پہنچ سے دور کر دیا۔ سٹوڈنٹس اپنے حق کے لیے سڑکوں پر ہیں۔ اربوں ڈالر کا قرضہ لیا گیا، نہیں معلوم رقم کہاں گئی۔ قوم حساب چاہتی ہے۔ کرپشن کے خلاف جنگ کرنے کے دعوے داروں نے مافیاز کو مضبوط کیا۔ پی ٹی آئی کے سوا تین سال میں نااہلی کی داستانیں رقم ہوئیں۔ موجودہ حکومت سابقہ ادوار کا تسلسل ہے، تبدیلی کے دعوے جھوٹ اور فراڈ ثابت ہوئے۔ قوم آئندہ الیکشن میں حکمران ٹولہ کا محاسبہ کرے۔ جاگیرداروں اور وڈیروں کو عوامی طاقت سے خیرباد کہنا ہوگا۔

امیر جماعت نے کہا کہ خیبر پی کے عوام غربت اور مہنگائی کے ہاتھوں مشکل ترین زندگی گزار رہے ہیں۔ صوبہ میں لاکھوں نوجوان بے روزگار اور تبدیلی کو کوس رہے ہیں۔ صوبہ میں صحت کے شعبہ میں انقلاب کے دعوے کرنے والے حقائق کو جھٹلا رہے ہیں۔ انفراسٹرکچر تباہ حال ہے۔ مختلف محکموں میں کرپشن کی داستانیں زبان زدِ عام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی آٹھ برسوں سے صوبہ میں حکومت کر رہی ہے، مگر حالات میں بہتری کی بجائے مزید ابتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ کے پی اور بلوچستان کے عوام کو سی پیک میں ان کے مطالبہ کے مطابق حصہ ملنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا حکومت عوام کی محرومیوں کے ازالہ میں مکمل ناکام ہوگئی ہے۔ اکثریت کو پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں۔ اشیائے خورد و نوش کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔ غریب دن بھر مزدوری کرتا ہے مگر ایک دن کا راشن نہیں خرید سکتا۔ پٹرول، بجلی، گیس عوامی پہنچ سے دور ہوگئے ہیں۔ وزیراعظم آئے روز عوام کو پٹرول مہنگا ہونے کی خبر دیتے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 964424
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش