0
Friday 19 Nov 2021 21:26

مفتاح اسماعیل نے شرح سود میں اضافے کو ملکی صنعت کیلئے پھانسی کا ایک اور پھندہ قرار دے دیا

مفتاح اسماعیل نے شرح سود میں اضافے کو ملکی صنعت کیلئے پھانسی کا ایک اور پھندہ قرار دے دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) سندھ کے جنرل سیکرٹری اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے شرح سود میں اضافے کو ملکی صنعت کے لئے پھانسی کا ایک اور پھندہ قرار دے دیا۔ اسٹیٹ بینک کی جانب سے شرح سود میں اضافے پر اپنے ردعمل میں انہوں نے کہا کہ شرح سود کے بڑھنے سے صرف صنعتی پیداوار میں کمی ہوگی اور حکومت کے اخراجات بڑھیں گے، ڈیڑھ فیصد سود بڑھانے سے مہنگائی کم نہیں ہوگی، نجی شعبے کو مزید مشکلات اور سست روی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوا سات سے پونے 9 فیصد کرنے سے حکومت کی سود کی ادائیگی میں 400 ارب سالانہ کا مزید اضافہ ہوگا، مہنگائی اور روپے کی قدر میں کمی روکنے کے لئے دو سال پہلے بھی یہ کام حکومت نے کیا تھا، اس اقدام سے پہلے بھی نہ مہنگائی رکی نہ روپے کی قدر میں کمی بلکہ معیشت مزید کساد بازاری کی نذر ہوگئی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی حکومت پہلے بھی شرح سود بڑھا کر ملکی معیشت کو ریورس گئیر لگا چکی ہے، ایک بار پھر تیزی سے شرح سود بڑھائی جارہی ہے، پہلے بھی معیشت سست روی کاشکار ہوئی تھی، پھر ہوگی، شرح سودمیں اتنا تیزی سے اضافہ کرکے ملک میں آگ لگاتی ہوئی مہنگائی پر قابو کیسے پایا جا سکتا ہے؟۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے مہنگائی پر قابو پایا جائے گا نہ ہی روپے کی گرتی ہوئی قیمت کو روکا جا سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ اکتوبر میں تاریخ کا سب سے بلند 15 ارب ڈالر سے زائد کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ہونے جارہا ہے، جب 75 ارب ڈالر کی امپورٹ دکھائی دے رہی ہوں تو روپے کی گرتی ہوئی قدر روکنا ممکن نظر نہیں آتا۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت اپنے شاہی اخراجات کم کرے، درآمدی اور دیگر شعبہ جات کو سستی گیس دی جائے، صنعت چلائیں تاکہ ملک سے زیادہ سے زیادہ برآمد اور کم سے کم درآمد ہو، مہنگائی کم کرنے کے لئے حکومت بجلی کے نرخوں میں کمی کرے، پٹرول کی قیمتوں کو کم کرنے عوام اور معیشت کو ریلیف دیا جائے، ریڈ ٹیپ میں کمی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ مہنگائی شرح سود میں کمی کی وجہ سے نہیں بلکہ حکومت کا چیزوں کو مہنگا کرنا بالخصوص بجلی گیس اور پٹرول کو مہنگا کرنے کی وجہ سے ہے۔
خبر کا کوڈ : 964425
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش