QR CodeQR Code

پاکستان کی تاریخ میں

یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایک کالعدم تنظیم کو دوبارہ بحال کر دیا گیا، صاحبزادہ ابوالخیر زبیر 

دین کو تخت پر لانے کیلئے اتحاد کی ضرورت ہوگی، اسکے بغیر منزل کا حصول ناممکن ہوگا

21 Nov 2021 01:11

ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ نے کہا ہے کہ سعد حسین رضوی کی رہائی انکی استقامت، کارکنوں کی قربانیوں، ملی یکجہتی کونسل میں شامل تمام مسالک کی جماعتوں، اہل سنت کی تنظیموں کے سربراہوں، مقتدر آستانوں کے مشائخ کی کوششوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے، دین کو تخت پر لانے کیلئے بھی اتحاد کی ضرورت ہوگی، اسکے بغیر مشکل ترین منزل کا حصول ناممکن ہوگا۔ 


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابو الخیر محمد زبیر نے سعد حسین رضوی کی رہائی پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ ایک کالعدم تنظیم کو دوبارہ بحال کر دیا گیا ہے اور اس کے ہزاروں کارکنوں اور عہدیداران پر سے مقدمات ختم کرکے ان کو رہا کر دیا گیا ہے، یہ صرف حضور نبی کریم (ص) کی خاص نظر عنایت کے طفیل رب کی طرف سے خاص کرم ہوا ہے، جس میں سعد حسین رضوی کی استقامت، ان کے کارکنوں کی قربانیوں، سمیت ملی یکجہتی کونسل میں شامل تمام مسالک کے مختلف جماعتوں کی حمایت، اہل سنت کی اہم تنظیموں کے سربراہوں اور مقتدر آستانوں کے مشائخ کی کوششوں اور کاوشوں کا نتیجہ ہے، جنہوں نے صدر پاکستان اور وزیراعظم پاکستان، مختلف وزراء اور اہم اداروں کے سربراہوں سے ملاقات کرکے ان پر واضح کیا کہ اس مسئلہ کو طاقت کے بجائے مذاکرات سے حل کرنے کی کوشش کی جائے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے معاہدہ کا اعلان کرتے وقت ان مشائخ اور اکابرین اہل سنت کی ان کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ بعض وزراء اپنے اشتعال انگیز بیانات سے اس معاہدہ کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیراعظم کو اس کا نوٹس لینا چاہیئے اور تحریک لبیک کے ذمہ داروں کو یہ سوچنا چاہیئے کہ یہ اتنی بڑی کامیابی صرف اتحاد سے ممکن ہوئی ہے، لہذا دین کو تخت پر لانے کیلئے بھی اتحاد کی ضرورت ہوگی، اس کے بغیر یہ اس مشکل ترین منزل کا حصول ناممکن ہوگا، اتحاد کی طرف قدم بڑھایا جائے، تاکہ ملک میں اسلام کے خلاف جو اقدامات کئے جا رہے ہیں ان کا تدارک ہوسکے اور ملک میں نظام مصطفےٰ (ص) کے نفاذ کی راہ ہموار ہوسکے۔


خبر کا کوڈ: 964632

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964632/یہ-پہلی-مرتبہ-ہوا-ہے-کہ-ایک-کالعدم-تنظیم-کو-دوبارہ-بحال-کر-دیا-گیا-صاحبزادہ-ابوالخیر-زبیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org