QR CodeQR Code

نظام ولایت عالمی رخ اختیار کرچکا ہے جس سے شیاطین عالم خوفزدہ ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

21 Nov 2021 17:17

اصغریہ علم و عمل تحریک کے مرکزی کنونشن سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ انقلاب اسلامی نظام ولایت کے ترجمان کی حیثیت سے نور کی تجلی بن کر عالم انسانیت میں روشنی بکھیرنے لگا ہے، جس کے انقلابی افکار کی ضیاء اور روشنی نے دنیا بھر کے طاغوتی ایوانوں میں زلزلہ بپا کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ نظام ولایت و امامت اب عالمی رخ اختیار کرچکا ہے جس سے شیاطین عالم خوفزدہ ہیں۔ اصغریہ علم و عمل تحریک کے مرکزی کنونشن میں یوم امام حسن عسکری علیہ السلام سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ انقلاب اسلامی نظام ولایت کے ترجمان کی حیثیت سے نور کی تجلی بن کر عالم انسانیت میں روشنی بکھیرنے لگا ہے، جس کے انقلابی افکار کی ضیاء اور روشنی نے دنیا بھر کے طاغوتی ایوانوں میں زلزلہ بپا کیا ہے، آج نظام ولایت عالمی انقلابی تحریک بن کر دنیا کو ایک حسین مستقبل کی نوید دے رہا ہے۔

علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ نوجوانوں کو علماء کرام سے جڑے رہنا چاہیئے، ہم اصغریہ علم و عمل تحریک کے دوستوں کی دینی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان سے امید اور توقع رکھتے ہیں کہ دینی مدارس اور علماء کرام سے جڑے رہیں، آپ نوجوان اور بزرگ علماء کے دست و بازو بنیں۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام کو بھی چاہیئے کہ جوانوں پہ دست شفقت رکھیں اور ان کے پاکیزہ احساسات کی قدر کریں۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے اصغریہ علم و عمل تحریک کے نمایاں خدمات انجام دینے والے کارکنوں میں شیلڈز تقسیم کیں۔


خبر کا کوڈ: 964712

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964712/نظام-ولایت-عالمی-رخ-اختیار-کرچکا-ہے-جس-سے-شیاطین-عالم-خوفزدہ-ہیں-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org