QR CodeQR Code

شرح سود میں اضافہ قابل تشویش اور ملکی معیشت کیلئے تباہی کا باعث ہے، جماعت اسلامی

21 Nov 2021 19:00

اپنے ایک بیان میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے کہا کہ معاشی سرگرمیاں پہلے ہی دباﺅ کا شکار ہیں، اس صورتحال میں قرضوں پر شرح سود کا اضافہ صنعتی و کاروباری شعبوں کیلئے ایک نئی مشکل کھری کرے گا۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے شرح سود میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے ملک و معیشت کیلئے تباہی قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں محمد حسین محنتی نے کہا کہ بہت سارے ممالک سودی لعنت سے نجات اور کئی ممالک زیرو سود پر چل رہے ہیں، مگر ریاست مدینہ کے دعویدار پی ٹی آئی حکومت سودی لعنت سے نجات کی بجائے شرح سود میں اضافہ کرکے مہنگائی اور عذاب الاہی کو دعوت دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض معاشی ماہرین شرح سود میں اضافہ کو معیشت کیلئے پھانسی کا پھندہ قرار دے رہے ہیں، کیونکہ اس سے صنعتی پیداوار کم ہوگی۔

محمد حسین محنتی نے کہا کہ معاشی سرگرمیاں پہلے ہی دباﺅ کا شکار ہیں، اس صورتحال میں قرضوں پر شرح سود کا اضافہ صنعتی و کاروباری شعبوں کیلئے ایک نئی مشکل کھری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ سود کو اللہ تعالیٰ اور انکے رسول سے کھلی جنگ قرار دیا ہے، حکمران اس لعنت کو ختم کرنے کی بجائے فروغ دے رہے ہیں، مہنگائی، بیروزگاری اور مسائل اسی کا نتیجہ ہے، ملکی بجٹ کا ایک بڑا حصہ قرضوں کی واپسی اور سود میں چلا جاتا ہے، اس لئے حکومت سودی معیشت کو فروغ دینے کی بجائے اس سے نجات کا راستہ اپنائے جو ملک و قوم کے حق میں بہتر ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 964720

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964720/شرح-سود-میں-اضافہ-قابل-تشویش-اور-ملکی-معیشت-کیلئے-تباہی-کا-باعث-ہے-جماعت-اسلامی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org