QR CodeQR Code

کانگریس عوامی اہمیت کے مسائل پر بھاجپا سے لڑے گی، غلام احمد میر

21 Nov 2021 21:58

پردیش کانگریس کے صدر نے پارٹی کارکنوں کو راہل گاندھی کے ان دعووں کے بارے میں یاد دلایا جب مرکز کی طرف سے کاشتکاری کے تین قوانین لائے گئے، جس میں انہوں نے واضح طور پر مرکز کے نظریہ کو مسترد کر دیا ہے


اسلام ٹائمز۔ پردیش کانگریس کمیٹی نے تین زرعی قوانین کو منسوخ کرنے کے فیصلے کو کسانوں کی قربانیوں اور جدوجہد کا نتیجہ قرار دیا۔ پارٹی نے کھیتی کے ناپسندیدہ تین قوانین کے خلاف راہل گاندھی کی بے مثال مضبوط مخالفت کی بھی ستائش کی۔ پردیش کانگریس کے صدر غلام احمد میر نے یہ باتیں ضلع اننت ناگ کے علاقے ویری ناگ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ پردیش کانگریس کے صدر نے پارٹی کارکنوں کو راہل گاندھی کے ان دعووں کے بارے میں یاد دلایا جب مرکز کی طرف سے کاشتکاری کے تین قوانین لائے گئے، جس میں انہوں نے واضح طور پر بی جے پی  کے نظریہ کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے کہا کہ مودی حکومت کو اس کے خلاف اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ راہل گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی نے بھارت کی کاشتکاری پالیسیوں کے خلاف بڑی مضبوطی کے ساتھ لڑائی لڑی اور کسانوں کی مکمل حمایت کی، نتیجے کے طور پر، مرکز نے ان کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا۔

غلام احمد میر نے مزید کہا کہ عوام تبدیلی کے لئے تڑپ رہی ہے اور رائے عامہ بی جے پی کی پالیسیوں اور اس بوجھ کے خلاف تھی، ہے اور رہے گی، جو اس نے ان کے کندھوں پر ڈالا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیمتوں میں بے مثال اضافے، نوٹ بندی، بے روزگاری اور متوسط طبقے اور غریبوں کو درپیش معاشی بحران کی وجہ سے پورے ملک میں یکساں طور پر لوگ مایوس ہیں۔ غلام احمد میر نے کہا کہ پارٹی کی طرف سے شروع کی گئی ’جنجا گرن مہم‘ کا مقصد عوام کے تئیں بی جے پی کی پالیسیوں کو اجاگر کرنا اور اس کے خلاف سخت احتجاج کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی عوامی اہمیت کے مسائل پر بی جے پی حکومت کے خلاف لڑتی رہے گی تاکہ اسے لوگوں کے سامنے جوابدہ بنایا جا سکے۔


خبر کا کوڈ: 964724

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964724/کانگریس-عوامی-اہمیت-کے-مسائل-پر-بھاجپا-سے-لڑے-گی-غلام-احمد-میر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org