QR CodeQR Code

مقبوضہ بیت المقدس میں صہیونی فورسز پر حملہ، کئی ہلاک اور زخمی

21 Nov 2021 22:36

مقبوضہ بیت المقدس کے گیٹ پر ایک فلسطینی جوان نے صہیونی سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر کے ایک فوجی کو ہلاک جبکہ کئی فوجیوں کو زخمی کر دیا۔ اسلامی مزاحمتی گروہوں نے اس جہادی کاروائی کو سراہتے ہوئے مسلح جدوجہد کو فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ قرار دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مہر نیوز ایجنسی کے مطابق آج اتوار 21 نومبر 2021ء کی صبح مقبوضہ بیت المقدس میں قدس شریف کے گیٹ پر ایک 42 سالہ فلسطینی جوان صہیونی سکیورٹی فورسز پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک صہیونی فوجی ہلاک اور تین دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ جوابی فائرنگ میں یہ فلسطینی جوان بھی شہید کر دیا گیا ہے۔ آج کے اس واقعے نے غاصب صہیونی رژیم کو شدید خوف و ہراس کا شکار کر دیا ہے۔ وہ مقبوضہ بیت المقدس میں ایسی جہادی کاروائی انجام پانے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ صہیونی سکیورٹی ادارے شدید صدمے کی کیفیت کا شکار ہیں۔ یہ واقعہ ایسے وقت رونما ہوا ہے جب گذشتہ کئی ماہ سے قدس شریف اور اس کے اردگرد صہیونی رژیم نے شدید سکیورٹی الرٹ کر رکھا تھا۔ اب تک مقبوضہ فلسطین میں انجام پانے والی اکثر جہادی کاروائیاں چھری اور چاقو کے ذریعے انجام پاتی رہی ہیں لیکن اس واقعے میں ایک یوزی گن استعمال کی گئی ہے۔ اس لحاظ سے بھی آج کا واقعہ انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
 
غزہ میں اسلامی مزاحمت کی تنظیم حماس نے اس جہادی کاروائی کو سراہتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ غاصب صہیونی رژیم کے خلاف ایسی جہادی کاروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔ حماس کے ترجمان حازم قاسم نے کہا: "مسجد الاقصی کے مین گیٹ کے قریب یہ شہادت طلبانہ کاروائی غاصب صہیونی رژیم کے ناجائز قبضے کے خلاف ایک فطری ردعمل ہے۔" انہوں نے مزید کہا: "ایسی شہادت طلبانہ کاروائیاں غاصب صہیونیوں کے مکمل انخلاء تک جاری رہیں گی۔" دوسری طرف عوامی محاذ برای آزادی فلسطین نے بھی ایک بیانیہ جاری کیا ہے جس میں اس جہادی کاروائی کو فخر آمیز اور شجاعانہ قرار دیا گیا ہے۔ بیانیے میں کہا گیا ہے: "فلسطین سے غاصب صہیونی رژیم کی جڑیں اکھاڑنے کا واحد راستہ مسلح جدوجہد ہے۔" اسلامی مزاحمت کی ایک اور تنظیم اسلامک جہاد نے بھی اس واقعے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اسے مظلوم فلسطینی عوام کا مسلمہ حق قرار دیا ہے۔
 
اسلام جہاد کے بیانیے میں کہا گیا ہے: "یہ جہادی کاروائی صہیونی دشمن کیلئے ایک واضح پیغام ہے اور اس پر کاری ضرب ہے۔ یہ کاروائی یہودی آبادکاروں اور غاصب صہیونی سکیورٹی فورسز کے آئے دن جارحانہ اقدامات اور مجرمانہ کاروائیوں کا فطری ردعمل ہے۔ غاصب صہیونی رژیم فلسطینیوں کے گھر مسمار کرنے اور انہیں زبردستی اپنے آبائی گھروں سے جلاوطنی اختیار کرنے پر مجبور کر رہی ہے۔" عوامی مزاحمت کی تحریک نے بھی اس بارے میں ایک بیانیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے: "اس جہادی کاروائی کو انجام دینے والا زندہ باد۔ ہم ایسے تمام مجاہدین پر فخر کرتے ہیں جو صہیونی دشمن کی بدمعاشی کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں۔ ہم پوری فلسطینی سرزمین میں غاصب صہیونی رژیم کے خلاف مزاحمتی کاروائیوں میں شدت لانے کے خواہاں ہیں۔"


خبر کا کوڈ: 964740

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964740/مقبوضہ-بیت-المقدس-میں-صہیونی-فورسز-پر-حملہ-کئی-ہلاک-اور-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org