0
Sunday 21 Nov 2021 23:55

پی ٹی آئی حکومت کے پاس نہ ویژن ہے نہ صلاحیت، یہ نااہلوں کا ٹولہ ہے، سراج الحق 

پی ٹی آئی حکومت کے پاس نہ ویژن ہے نہ صلاحیت، یہ نااہلوں کا ٹولہ ہے، سراج الحق 
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ عوام پی ٹی آئی کو انقلابی سمجھ رہے تھے، وہ مکمل خرابی نکلی، کورونا، ڈینگی، سموگ خطرناک لیکن حکومت کی نااہلی عوام کے لیے ان سے سو گنا زیادہ خطرناک ہے، حکومت کے جھوٹ، فریب اور وعدوں کے تعمیر کردہ مینار پاش پاش ہونے والے ہیں، وزیراعظم کھلاڑی رہے ہیں مگر وہ مخالف ٹیم سے قواعد و ضوابط طے کئے بغیر یکطرفہ کھیل کھیلنا چاہتے ہیں، سترہ نومبر ملک کی تاریخ کا سیاہ دن تھا۔ چھ گھنٹوں کے اجلاس میں تین گھنٹے ممبران اسمبلی ایک دوسرے کو زدوکوب کرتے رہے اور اگلے تین گھنٹوں میں 37 قانون پاس ہوگئے۔ قوم کے نمائندوں نے قوم کے مستقبل سے متعلق ہر قانون کو چھ منٹ دیئے۔ قوم نے حکومتی ہتھکنڈوں کو مسترد کر دیا ہے۔ اس ملک کے عوام ڈیجیٹل دھاندلی کے امکانات سے بھرپور آئندہ الیکشن کو قبول نہیں کریں گے۔ ملک کی بائیس کروڑ عوام کے لیے زندگی گزارنا مشکل بنا دیا گیا ہے۔

اس ملک کی معیشت تباہ ہے، سٹیٹ بینک کو آئی ایم ایف کے حوالے کر دیا گیا، پی ٹی آئی نااہلوں کا ٹولہ ہے، پی ٹی آئی حکومت کے پاس نہ ویژن ہے نہ صلاحیت۔ سابقہ حکومتیں بھی ملک کی معیشت اور اداروں کی تباہی کی برابر ذمہ دار ہیں۔ وہ منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکاء سے خطاب کر رہے تھے۔ سراج الحق نے کہا کہ حکومت نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ملتوی کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ اپوزیشن سے صلاح مشورہ کیا جائے گا۔ مگر پتہ چلا کہ اندر کھاتے اتحادیوں کو راضی کیا جا رہا ہے اور وہ اتحادی جنہوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں کو مسترد کرنے کا کہا تھا، راتوں رات راضی ہوگئے اور بل پر ٹھپے لگا دیئے۔

انہوں نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی نے شکست کے خوف سے آئندہ الیکشن میں دھاندلی کا منصوبہ بنا لیا اور وہ وزیراعظم جو گیئر پلے کی باتیں کرتے ہیں اور دعوے کرتے ہیں کہ وہ کھلاڑی ہیں، ایک ایسا کھیل کھیلنے جا رہے ہیں، جس میں مخالف فریق کو کھیل کے طریقہ کار کا ہی پتہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کے مستقبل کو تباہ کر دیا۔ 17 نومبر کو پارلیمنٹ میں جو کچھ ہوا اور جس طرح چھ گھنٹوں کی کارروائی میں حکومت نے 37 سے زائد بل منظور کروائے، یہ ہماری تاریخ کا بدترین اور سیاہ ترین دن تھا۔ الیکڑونک مشین کے بارے میں جس طرح عمران خان نے کارروائی کی، اب اس سے انہوں نے آنے والے الیکشن کو بھی متنازع بنایا ہے۔ جمہوریت کے نام پر ہماری حکومت نے جو کچھ کیا، اس سے جمہوریت پر بدنما داغ لگ گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 964755
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش