QR CodeQR Code

 تحریک انصاف کی حکومت طویل مدتی ترقی چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں عوام سر اٹھا کر چلیں، شاہ محمود قریشی 

22 Nov 2021 00:28

ملتان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ہم ملک سے کرپشن ختم کرنا چاہتے ہیں، سابقہ ادوار میں عوام کو دی گئی محرومیاں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں، قوم کو اچھے مستقبل کیلئے ہمارا ساتھ دینا ہوگا، تحر یک انصاف کی حکومت کا مشن عوام کی خدمت ہے جس کے لیے ہم تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کرپشن کیخلاف جہاد کررہے ہیں، ملکی بقاء اور ترقی کیلئے لٹیروں سے جنگ جاری رہے گی، لٹیروں سے لوٹی ہوئی دولت کی واپسی اور ملک سے کرپشن کا خاتمہ تحریک انصاف کے منشور میں شامل ہے۔ تحریک انصاف قوم کو ایک مضبوط نظام اور اچھا مستقبل دینا چاہتی ہے، ہم نے آنے والی نسلوں کا سوچا ہے، کیونکہ وہ ملک ترقی کرتے ہیں جو آنے والی نسلوں کا سوچتے ہیں، تحریک انصاف کی حکومت طویل مدتی ترقی چاہتی ہے، ہم چاہتے ہیں عوام سر اٹھا کر چلیں، ہم ملک کا وقار بلند کرنا چاہتے ہیں، ہم قانون کی بالادستی چاہتے ہیں، ہم ملک سے کرپشن ختم کرنا چاہتے ہیں۔ سابقہ ادوار میں عوام کو دی گئی محرومیاں کا ازالہ کرنا چاہتے ہیں۔ قوم کو اچھے مستقبل کیلئے ہمارا ساتھ دینا ہوگا، تحریک انصاف کی حکومت کا مشن عوام کی خدمت ہے جس کے لیے ہم تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔ گزشتہ تین سال میں کرونا وبا اور معاشی بحران کے باوجود ملک بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام ہوئے اور ہو رہے ہیں۔ ان کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔

اُنہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ عوام کا پیسہ عوامی ترقی پر خرچ ہو رہا ہے، وزیراعظم عمران خان کی پالیسیوں کو اندرون و بیرون ملک پذیرائی مل رہی ہے، ہماری پالیسیوں کے دوررس اور مثبت نتائج سامنے آئیں گے، انہوں نے کہا کہ اقتدار سے باہر بیٹھے کچھ سیاستدانوں سے ملکی ترقی ہضم نہیں ہو رہی۔ وہ نہیں چاہتے کہ ترقی کا پہیہ چلتا رہے، وہ شور مچا کر ترقی کا سفر روکنا چاہتے ہیں۔ وہ جتنا مرضی شور مچا لیں نہ ملکی ترقی رک سکتی ہے اور نہ ترقیاتی منصوبے رک سکتے ہیں۔ اقتدار سے باہر بیٹھے ہوئے مایوس سیاستدانوں کو انتظار کرنا ہوگا۔ حکومت ختم ہونے کی خواہش صرف خواہش ہی رہے گی، ایک بار پھر واضح کرتا ہوں کہ حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ 2023ء کے انتخابات میں ایک بار پھر عوام تحریک انصاف کو مینڈیٹ دیں گے۔


خبر کا کوڈ: 964757

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964757/تحریک-انصاف-کی-حکومت-طویل-مدتی-ترقی-چاہتی-ہے-ہم-چاہتے-ہیں-عوام-سر-اٹھا-کر-چلیں-شاہ-محمود-قریشی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org