QR CodeQR Code

ملتان، سرائیکی پارٹی کے زیراہتمام سرائیکستان صوبے کے قیام کیلئے احتجاجی دھرنا

22 Nov 2021 00:42

پارٹی کی چیئرپرسن ڈاکٹر نخبہ تاج لنگاہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سرائیکستان کا قیام آئینی مسئلہ ہے، حکمرانوں نے اسی اسمبلی میں درجنوں آئینی ترامیم پاس کرائی ہیں مگر جب سرائیکی صوبے کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو اسوقت حکومتی ٹولہ دو تہائی کا واویلا شروع کر دیتا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سرائیکی پارٹی کے زیراہتمام صوبہ سرائیکستان کے قیام کیلیے احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس کی قیادت چیئرپرسن ڈاکٹر نخبہ تاج لنگاہ، صدر ملک اللہ نواز وینس نے کی، سول سیکرٹریٹ، جنوبی پنجاب مہنگائی اور بیروزگاری کے خلاف زبردست احتجاج کیا گیا، دھرنے میں ظہور دھریجہ، ملک جاوید چنڑ، حاجی احمد نواز سومرو، ڈاکٹر مقصود خان لنگاہ، اشرف خان لنگاہ، مہر ربنواز چاون، شوکت جٹ، انور ڈاہر، عمران شاہ اور پاکستان سرائیکی پارٹی کے سینکڑوں کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ ڈاکٹر نخبہ تاج لنگاہ نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبہ سرائیکستان کا قیام آئینی مسئلہ ہے، حکمرانوں نے اسی اسمبلی میں درجنوں آئینی ترامیم پاس کرائیں ہیں، مگر جب سرائیکی صوبے کا مطالبہ کیا جاتا ہے تو اس وقت حکومتی ٹولہ دوتہائی کا واویلا شروع کر دیتا ہے، ہمارا مسئلہ سیکرٹریٹ کا نہیں بلکہ قومی شناخت کی بقاء کا ہے، آج کا یہ دھرنا اس بات کا ثبوت ہے کہ سرائیکی نوجوان سڑکوں پر سرائیکی صوبے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مرکزی صدر ملک اللہ نواز وینس نے کہا کہ سرائیکی صوبہ اگر ہوتا تو پنجابی بیورو کریسی اور عدلیہ ہم پر مسلط نہ ہوتی، سرائیکی خطے کا بیروزگار نوجوان کراچی، لاہور، فیصل آباد، اسلام آباد دھکے کھا رہا ہے، سرائیکی خطے کے پنجابی اور اردو بولنے والے حضرات سرائیکی تحریک کا حصہ بنیں، جب تک یہ حضرات پی ٹی آئی کو ووٹ دیتے رہیں گے، اس وقت سرائیکی خطہ میں عوام کو حقوق نہیں مل سکتے۔ سرائیکی قومی کونسل کے صدر ظہور احمد دھریجہ نے کہا کہ سرائیکی قوم اپنا حق مانگتی ہے، کسی سے خیرات نہیں، ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان سمیت 23 اضلاع پر قومی صوبے کا قیام چاہتے ہیں، سرائیکی تحریک کیلئے اب قربانیوں کا وقت آگیا، سرائیکی نوجوان سڑکوں پر نکلیں تو حکمرانوں کو گھٹنے ٹیکنے پڑیں گے۔


خبر کا کوڈ: 964759

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964759/ملتان-سرائیکی-پارٹی-کے-زیراہتمام-سرائیکستان-صوبے-قیام-کیلئے-احتجاجی-دھرنا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org