QR CodeQR Code

گورنر اسٹیٹ بینک کو غیر اعلانیہ طور پر ملک کا وائسرائے بنا دیا گیا ہے، مفتاح اسماعیل

22 Nov 2021 18:13

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ عمران خان کے تین سال میں مہنگائی بہت بڑھی ہے، اسٹاک مارکیٹ تنزلی کا شکار ہے، ڈالر 105 سے 174 روپے تک پہنچ گیا ہے، اس حکومت نے غربت کو پھیلا دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک کو غیر اعلانیہ طور پر ملک کا وائسرائے بنا دیا گیا ہے، شرح سود میں اضافہ نجی صنعت کے گلے میں پھندا ہے، جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ریکارڈنگ کو امریکی کمپنی نے اصل قرار دیا ہے، جب انصاف فراہم کرنے والے پارٹی بن جاتے ہیں تو اسی طرح ہوتا ہے، سینیٹ اپوزیشن کی اکثریت ہے، وہاں سے حکومت بلز کیسے منظور ہوئے یہ سوال پیپلز پارٹی سے کیا جانا چاہیئے۔ کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ڈیڑھ فیصد شرح سود بڑھا نے سے 400 ارب روپے حکومت کا خرچہ بڑھ گیا ہے، ملک میں مہنگائی بڑھتی جارہی ہے، یہ حرکات صنعت کے گلے میں پھندا ہے، تاریخ کی تیز ترین مہنگائی اس وقت پاکستان میں ہے، 51 بنیادی چیزیں مہنگی ہوئی ہیں، ایل پی جی کی قیمت میں 70 فیصد اضافہ ہوا، بجلی کی قیمتوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا، ہم شرح سود 6 فیصد پر چھوڑ کر گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے تین سال میں مہنگائی بہت بڑھی  ہے، اسٹاک مارکیٹ تنزلی کا شکار ہے، نواز شریف دور میں انڈیکس 53 ہزار کی شرح بھی عبور کرگیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈالر 105 سے 174 روپے تک پہنچ گیا ہے، اس حکومت نے غربت کو پھیلا دیا ہے، نواز شریف اور شہباز شریف کو ڈینگی برادر کہنے والوں سے ڈینگی کنٹرول نہیں ہورہا ہے، حکومت کو چاہیئے کہ وہ مہنگائی کی طرف توجہ دے، یہاں صورت حال یہ ہے کہ جو بھی مہنگائی کے خلاف بات کرے یہ اس کے مخالف بن جاتے ہیں۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بحث مباحثہ کو چھوڑیئے، ملک بھر میں گیس فراہم کی جائے آپ کا کام بحث کرنا نہیں گیس فراہم کرنا ہے، مزید گیس پہنچانے کیلئے پائپ لائن لگوانی پڑے گی ٹرمینل اور پائپ لائن لگوائیں، ملک بھر میں گیس کی فراہمی یقینی بنائیں، نواز شریف کو اپنے بیٹے سے تنخواہ نا لینے پہ وزیراعظم ہاؤس سے نکالا گیا، جج ارشد ملک سے سزا دلائی گئی، الیکشن سے پہلے ضمانت منظور ہونے سے روکی گئی اور اس سب کا ملک کو کیا فائدہ ہوا؟ بجلی گیس دوگنا مہنگی ہوگئی، پانی روزگار نہیں مل رہا، پاکستان مہنگا ترین ملک بن گیا ہے، تحریک انصاف کی حکومت میں چینی، آٹا سمیت تمام اشیاء خورد و نوش مہنگی ہوگئی ہیں، ایل پی جی اور بجلی کے ریٹ بڑھ گئے۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اپنی آڈیو لیک میں ایک جج کو کہہ رہے ہیں کہ مریم نواز کی سزا نہیں بنتی ہے لیکن اس کو سزا دی جائے، جسٹس ثاقب نثار نے اس آڈیو کو غلط قرار دیا ہے، انصاف فراہم کرنے والے جب پارٹی بن جاتے ہیں تو اسی طرح ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے گورنر کو لامحدود اختیارات دینا مناسب نہیں ہے، پارلیمنٹ بھی اگر کوئی قانون بنانا چاہتی ہے تو اس کے لئے گورنر اسٹیٹ بینک سے اجازت لینی پڑتی ہے، ڈاکٹر رضا باقر کو غیر اعلانیہ طور پر پاکستان کا وائسرائے بنادیا گیا ہے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت کا چار گھنٹے میں 34 بل پارلیمنٹ سے پاس کرا لینا درحقیقت اس کی شکست ہے، اسمبلی میں جانے سے قبل بلز کو کمیٹیوں میں لایا جاتا ہے اور اپوزیشن سے ان کی منظوری لی جاتی ہے لیکن اس حکومت نے ایسا کچھ نہیں کیا، سینیٹ میں اپوزیشن کی اکثریت ہے، پیپلز پارٹی کے پاس اپوزیشن لیڈر کا عہدہ ہے اس کی ذمہ داری تھی کہ وہ سینیٹ سے ان بلز کو منظور نہیں ہونے دیتی، اس حوالے سے پیپلز پارٹی سے سوال کیا جانا چاہیئے۔


خبر کا کوڈ: 964860

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964860/گورنر-اسٹیٹ-بینک-کو-غیر-اعلانیہ-طور-پر-ملک-کا-وائسرائے-بنا-دیا-گیا-ہے-مفتاح-اسماعیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org