QR CodeQR Code

کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا عملہ حکومتی رٹ چیلینج کرنا بند کرے، وقار مہدی کی وارننگ

22 Nov 2021 19:02

ہنگامی دورے کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نے کہا کہ کراچی ہمارا شہر ہے، یہاں کے شہریوں کو تکلیف دینے والے عناصر کا سرکوبی کرنا بھی ہمارا فرض ہے، لاپرواہی کے مرتکب عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے انسپیکشن و انکوئریز وقار مہدی نے کہا ہے کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں 10 بجے تک افسران کا نہ آنا کسی صورت قبول نہیں، افسران اپنا قبلہ درست کرلیں۔ ان باتوں کا اظہار وقار مہدی نے کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے ہنگامی دورے پر کیا، جہاں وہ صبح کے ڈبلیو ایس بی کے ہیڈ آفس پہنچے تو وہاں افسران اور اسٹاف کی بڑی تعداد غیر حاضر تھی، یہ صورتحال دیکھ کر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہر کے عوام کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ میں صبح سے دھکے کھا رہے ہیں مگر کوئی افسر کرسی پر موجود نہیں، افسران اپنا قبلہ درست کریں، محکمہ انسپیکش اینڈ انکوئریز جو  افسران غیر حاضر ہیں ان کے خلاف کاروائی کے لئے مجوزہ اتھارٹی کو لکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے افسران وقت پر دفتر آئیں، عوام کےمسائل حل کریں، جو افسر نوکری کو عیاشی سمجھتا ہے اسکو گھر جانا پڑے گا، ہم یہ برداشت نہیں کریں گے۔

وقار مہدی کا مزید کہنا تھا کہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت ہے کہ کراچی کے عوام کی بلاتفریق خدمت کی جائے، کراچی ہمارا شہر ہے، یہاں کے شہریوں کو تکلیف دینے والے عناصر کا سرکوبی کرنا بھی ہمارا فرض ہے، لاپرواہی کے مرتکب عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اس موقع پر وقار مہدی نے غیر حاضر افسران کو شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ انسپیکشن رپورٹ وزیراعلیٰ سندھ اور وزیر بلدیات کو پیش کی جائے گی۔ ایم ڈی واٹر بورڈ کو ہدایات دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نے کہا کہ وہ ہر ہفتے ملازمین کی حاضری چیک کرنے کے لئے دفاتر کے دورے کریں اور میڈیکل ڈپارٹمنٹ میں اقرباء پروری و ناانصافی پر مبنی اقدامات پر انکوائری کرکے انصاف کو بول بالا کریں جبکہ ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں۔


خبر کا کوڈ: 964879

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964879/کراچی-واٹر-اینڈ-سیوریج-بورڈ-کا-عملہ-حکومتی-رٹ-چیلینج-کرنا-بند-کرے-وقار-مہدی-کی-وارننگ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org