QR CodeQR Code

کشمیری عوام میں اعتماد کی بحالی 5 اگست 2019ء کے فیصلوں کی منسوخی سے ممکن ہے، عمر عبداللہ

22 Nov 2021 21:31

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ لوگوں کیساتھ قریبی رابطہ رکھنا، انکے مسائل و مشکلات کو اُجاگر کرنا اور انکا سدباب کرانے کی ہر ممکن کوشش کا کرنا ہماری جماعت کا بنیادی اصول رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر سے متعلق 5 اگست 2019ء کے بھارتی حکومت کے فیصلوں کو صرف نیشنل کانفرنس نے ہی نہیں بلکہ تینوں خطوں کے عوام نے مسترد کیا ہے۔ تینوں خطوں کے ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگ جموں و کشمیر تنظیم نو ایکٹ کے تحت چھینی گئی خصوصی پوزیشن کی بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں اور یہی ایک اقدام جموں و کشمیر اور نئی دہلی کے درمیان اعتماد بحال کرسکتا ہے اور یہاں کے حالات میں سدھار لا سکتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر ضلع سرینگر کے 8 حلقہ انتخابات کے انچارج کانسچونیز، 11 بلاک صدور، یوتھ اور خواتین ونگ کے ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقعے پر پارٹی جنرل سکریٹری حاجی علی محمد ساگر، معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال اور صوبائی صدر ناصر اسلم وانی اور دیگر لیڈران بھی موجود تھے۔

شرکاء نے ضلع سرینگر اور اپنے اپنے حلقہ انتخابات میں جاری پارٹی سرگرمیوں، تنظیمی امورات، لوگوں کو درپیش مسائل و مشکلات اور دیگر معاملات کی اجلاس کو جانکاری دی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عمر عبداللہ نے کہا کہ لوگوں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنا، ان کے مسائل و مشکلات کو اُجاگر کرنا اور ان کا سدباب کرانے کی ہر ممکن کوشش کا کرنا ہماری جماعت کا بنیادی اصول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ساتھ رابطہ ہی پارٹی کی مضبوطی کا ضامن ہوتا ہے۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے موقف میں ذرا برابر بھی تبدیلی نہیں آئی ہے اور جموں و کشمیر کے لئے اٹانومی کا حصول آج بھی اس جماعت کا بنیادی منشور ہے اور ہماری جماعت دفعہ 370 اور 35 اے کی بحالی کے لئے قانونی جدوجہد میں مصروفِ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دفعات کی منسوخی سے تینوں خطوں کے لوگ ناراض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ دفعات منسوخ کی گئیں اُس وقت جموں و کشمیر کے تینوں خطوں کو جیل خانے میں تبدیل کردیا گیا اور لوگوں کو اپنے گھروں میں محصور کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 964885

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964885/کشمیری-عوام-میں-اعتماد-کی-بحالی-5-اگست-2019ء-کے-فیصلوں-منسوخی-سے-ممکن-ہے-عمر-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org