QR CodeQR Code

واجد علی آئی ایس او گلگت ڈویژن کے نئے صدر منتخب

22 Nov 2021 21:34

گلگت ڈویژن کا 44 واں ڈویژنل کنونشن مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں منعقد ہوا، جس میں مختلف اضلاع گلگت، ہنزہ، نگر اور استور سے یونٹ صدور، سینیئرز، علماء کرام اور محبین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان گلگت ڈویژن کا 44 واں ڈویژنل کنونشن مرکزی امامیہ جامع مسجد گلگت میں منعقد ہوا، واجد علی آئی ایس او پاکستان گلگت ڈویژن کے نئے ڈویژنل صدر منتخب ہوگئے۔ اجلاس میں مختلف اضلاع گلگت، ہنزہ، نگر اور استور سے یونٹ صدور، سینیئرز، علماء کرام اور محبین کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔ آئی ایس او پاکستان کی جانب سے سابق مرکزی صدر آئی ایس او عارف حسین الجانی اور ڈپٹی چیف اسکاؤٹ علی اشتر نے شرکت کی۔ کنونشن کا آغاز 20 نومبر بروز ہفتہ کو ہوا، جس میں اسکاؤٹ سلامی، محفل سابقین کا انعقاد کیا گیا اور پہلی شب کو شب شہداء کے عنوان سے منایا گیا، جس میں چھوٹے بچوں نے خاکوں کے ذریعے شہداء کو خراج تحسین پیش کیا۔

21 نومبر کو پہلی نشست تعلیمی کانفرنس نوجوان امید قوم و ملت کا انعقاد کیا گیا اور آخری نشست میں نئے صدر کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ کمال عباس کو اسسٹنٹ چیف اسکاوٹ منتخب کیا گیا۔ مجلس عمومی اور مجلس نظارت کے اجلاس منعقد ہوئے اور صدر کیلئے ناموں پر غور کیا گیا اور موجودہ صدر نے اپنی کابینہ سمیت مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ ڈویژنل صدر کا اعلان قائد ملت جعفریہ گلگت بلتستان سید راحت حسین الحسینی نے کیا۔ صدر منتخب ہونے کا اعلان کیا گیا تو پنڈال میں موجود امامیہ جوانوں نے والہانہ انداز میں ان کا استقبال کیا اور واجد بھائی قدم بڑھاو، ہم تمھارے ساتھ ہیں، کے نعرے لگائے۔

نومنتخب ڈویژنل صدر نے اپنے انتخاب پر شکریہ ادا کیا اور کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی جغرافیائی اور فکری سرحدوں کا تحفظ آئی ایس کا اولیں فریضہ ہے۔ ہمارے وطن کے دشمن اس خطے میں قوم پرستی کو ہوا دے کر وطن عزیز پاکستان کے خلاف ایک سوچ پیدا کرنا چاہتے ہیں، جو کہ ناممکن ہے، ہمارے جوانوں نے اس وطن کی حرمت اور حفاظت کی قسم کھائی ہے۔ ہم نے پہلے بھی اس وطن کی سلامتی کے لئے اپنا خون دیا ہے اور آئندہ میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 964899

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964899/واجد-علی-ا-ئی-ایس-او-گلگت-ڈویژن-کے-نئے-صدر-منتخب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org