QR CodeQR Code

فلسطین فاﺅنڈیشن پاکستان کی حماس کو دہشتگرد قرار دینے پر برطانیہ کی شدید مذمت

22 Nov 2021 22:01

پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ایل ایف کے رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حماس کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی سرپرست رہنماؤں نے کہا ہے کہ فلسطینی تنظیم حماس کو دہشتگرد قرار دینے پر برطانوی حکومت کی شدید مذمت کرتے ہیں، حماس فلسطین کی نمائندہ جماعت ہے، حماس فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کر رہی ہے، فلسطینیوں کے بین الاقوامی یوم یکجہتی کے موقع پر پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یکجہتی فلسطین مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پریس کانفرنس سے جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مسلم پرویز، سابق اراکین سندھ اسمبلی محفوظ یار خان، میجر (ر) قمر عباس، مجلس وحدت مسلمین سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ باقر زیدی، پاکستان تحریک انصاف کے اسرار عباسی، ارم بٹ، عوامی نیشنل پارٹی کے یونس بونیری، پیپلز پارٹی کے سید ارشد نقوی، فیصل شیخ، مسلم لیگ نواز کے پیرزادہ ازہر علی ہمدانی، جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی، آل پاکستان سنی تحریک کے مطلوب اعوان قادری، پائیلر کے چیئر مین کرامت علی، معروف سماجی رہنما بشیر سدوزئی اور فلسطین فانڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔

رہنماؤں نے کہا کہ حقیقت میں اسرائیل کی سرپرست حکومتیں برطانیہ اور امریکا سب سے بڑے دہشتگرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حماس پورے عالم اسلام کے دل کی دھڑکن ہے، پاکستان کے عوام حماس کی حمایت کرتے ہیں۔ رہنماؤں نے حکومتِ پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حماس کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین تاریخ کے حساس ترین دور کا سامنا کر رہا ہے، ایک طرف عرب ریاستیں ہیں، جو فلسطین پر قائم کی جانے والی صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کر رہی ہیں، تو دوسری طرف مظلوم فلسطینی ہیں، جو گذشتہ ایک صدی سے مسلسل آزادی کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں کے ان کے اپنے وطن سے بے گھر کرنے اور فلسطین پر صہیونی قبضہ کی منصوبہ بندی میں صہیونیوں کے ساتھ ساتھ برطانوی استعمار اور امریکی سامراج برابر کے شریک ہیں۔

پریس کانفرنس کرتے پوئے رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین میں ایک صدی سے جاری ظلم و بربریت میں امریکہ اور برطانیہ برابر کے حصہ دار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں 29 نومبر کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دن منایا جاتا ہے، تاہم فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان نے اس دن کی مناسبت سے ہفتہ بھر کو یکجہتی فلسطین مقرر کرتے ہوئے ملک بھر میں یکجہتی فلسطین مہم چلانے کا فیصلہ کیا ہے، مہم کے تحت کراچی، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں کانفرنسز اور مظاہرے منعقد کئے جائیں گے، جبکہ کراچی میں 28 نومبر اتوار کو عظیم الشان سائیکل ریلی گورا قبرستان شاہراہ فیصل سے شروع ہو کر کراچی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوگی۔ اسی طرح 29 نومبر بروز پیر کو جامعہ کراچی میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تعاون سے یکجہتی فلسطین واک کا انعقاد کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 964910

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964910/فلسطین-فاﺅنڈیشن-پاکستان-کی-حماس-کو-دہشتگرد-قرار-دینے-پر-برطانیہ-شدید-مذمت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org