QR CodeQR Code

قومی ترجیحات پر قومی قیادت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا ایک پیج پر آنا ناگزیر ہے، لیاقت بلوچ 

22 Nov 2021 22:10

جماعت اسلامی کے قائمقام امیر نے صوبائی و ضلعی رہنمائوں سے ملاقات میں کہاکہ نااہل حکومت، بے جان پارلیمنٹ، سیاسی تصادم اور آئینی ریاستی اداروں کے خلاف مقتدر طبقوں کی سازشیں قومی سلامتی کے لئے انتہائی خطرناک ہیں۔ سیاسی، قومی، جمہوری قیادت ہوش کے ناخن لے اور باوقار قومی کردار ادا کرے۔


اسلام ٹائمز۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے بہاولپور، ساہیوال اور لاہور میں ڈویژنل کانفرنسوں میں ضلعی قائدین قومی، صوبائی امیدواران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار جمہوریت، شفاف وغیر جانبدارانہ انتخابات اور آئین پاکستان کی روح کے مطابق مکمل عملدرآمد سے ہی ملک بحرانوں سے نجات پائے گا۔ آزاد عدلیہ صِرف کانفرنسوں کے انعقاد سے نہیں، عدلیہ کے آزادانہ فیصلوں  سے اپنا وجود تسلیم کرا سکتی ہے۔ بار اور وکلا کے پروگرامات میں ججوں کی شرکت عدالتی جمہوری روایات ہیں۔ ملک بدترین بحرانوں سے دوچار ہے، قومی ترجیحات پر قومی قیادت اور تمام اسٹیک ہولڈرز کا ایک پیج پر آنا ناگزیر ہے۔ نااہل حکومت، بے جان پارلیمنٹ، سیاسی تصادم اور آئینی ریاستی اداروں کے خلاف مقتدر طبقوں کی سازشیں قومی سلامتی کے لئے انتہائی خطرناک ہیں۔ سیاسی، قومی، جمہوری قیادت ہوش کے ناخن لے اور باوقار قومی کردار ادا کرے۔

لیاقت بلوچ نے بلدیاتی، قومی، صوبائی امیدواران سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فوجی آمریتوں، پی پی پی اور مسلم لیگ کے بعد عمران خان سرکار کی نااہلی، ناکامی قومی روگ بن گئی ہے۔ شخصیات کے بت، گلیمر اور بیساکھیوں سے پروجیکشن کے فارمولے ناکام ہو گئے۔ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کے لئے بااعتماد، اہل اور گڈگورننس دینے والی ٹیم چاہیے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری، افراطِ زر، پیداواری لاگت میں بے تحاشا اضافہ اور آئی ایم ایف کے احکامات پر عملدرآمد کر کے عوام پر ناقابلِ برداشت اقتصادی بوجھ مسلط کرنے کی ذمہ دار عمران سرکار ہے۔ حکومت کاپاکستان کو اسلامی، خوشحال، فلاحی اور قانون کی حکمرانی قائم کرنے کا نہ ویژن ہے اور نہ ہی نیت ہے۔ دعووں، اعلانات، میڈیا کے بے تحاشا استعمال سے نہیں، عوام حکومت سے عمل چاہتے ہیں۔ 28 نومبر کو ملک بھر کے نوجوان اسلام آباد میں بے روزگاری کے خلاف ملازمتوں کے حصول اور باوقار زندگی کے لئے تاریخ ساز مظاہرہ کریں گے۔ 
 


خبر کا کوڈ: 964911

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/964911/قومی-ترجیحات-پر-قیادت-اور-تمام-اسٹیک-ہولڈرز-کا-ایک-پیج-آنا-ناگزیر-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org