0
Tuesday 23 Nov 2021 09:44

پنجاب اسمبلی، سکولوں میں اسمبلی سے قبل تلاوت قرآن پاک اور دورد پڑھنے کی قرارداد منظور

پنجاب اسمبلی، سکولوں میں اسمبلی سے قبل تلاوت قرآن پاک اور دورد پڑھنے کی قرارداد منظور
اسلام ٹائمز۔ پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ق) کی رکن خدیجہ عمر کی تعلیمی اداروں میں اسمبلی کے دوران قومی ترانے سے پہلے قرآن پاک کی تلاوت اور درود شریف پڑھائے جانے کے حوالے سے قرارداد منظور کر لی گئی۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہوا۔ سپیکر نے محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات کا وقفہ سوالات موخر کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ قاف کی رکن اسمبلی خدیجہ عمر کی تعلیمی اداروں میں اسمبلی کے دوران قومی ترانے سے پہلے قرآن پاک کی تلاوت اور درود شریف پڑھائے جانے کے حوالے سے قرارداد پیش کرنے کی اجازت دی۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ تمام سرکاری و نجی سکولوں میں اسمبلی کے دوران قومی ترانے سے پہلے قرآن پاک کی تلاوت اور درود شریف پڑھا جائے اور وطن عزیز کی حفاظت اور ترقی کیلئے دعا بھی کروائی جائے، قرارداد کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

دوران اجلاس سپیکر پنجاب اسمبلی نے وزیر قانون سے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں میں منشیات سرعام بک رہی ہیں اور اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا جا رہا، تعلیمی اداروں سے منشیات کے خاتمے کیلئے حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے۔ سپیکر نے مزید کہا کہ تعلیمی اداروں میں منشیات کی روک تھام کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل کر ایکشن لینا چاہیئے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ منشیات بہت اہم مسئلہ ہے، اس کو سنجیدگی سے لیا جائے اور خاتمے کیلئے واضح پالیسی بنائی جائے، جس پر وزیر قانون محمد بشارت راجہ نے سپیکر کو یقین دہانی کروائی کہ سکولوں میں منشیات کے خاتمے کیلئے علیحدہ ڈائریکٹوریٹ بنایا جا رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 964958
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش