QR CodeQR Code

حکومت نے کالعدم ٹی ٹی پی کے 100 دہشتگرد قیدی رہا کر دیئے

23 Nov 2021 13:26

سکیورٹی حکام نے میڈیا کے ادارے کو یہ بھی بتایا کہ ابھی تک حکومت پاکستان یا اس کے نمائندوں کے تحریک طالبان کی مذاکراتی ٹیم سے براہ راست مذاکرات نہیں ہوئے بلکہ مذاکرات کا سلسلہ دونوں طرف کیلیے قابل قبول مذاکرات کاروں کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ ایک اعلیٰ سکیورٹی اہلکار نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے یہ فیصلہ ماضی کو دیکھ کر اپنی جانب سے کیا ہے اور طالبان کی جانب سے کوئی شرط نہیں عائد کی گئی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت نے تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کے بعد 100 سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا ہے، جن میں اکثریت کا تعلق انٹرمنٹ سینٹرز سے ہے۔ ذمے دار اعلیٰ سکیورٹی ذرائع نے میڈیا کے ادارے کو اس بات کی تصدیق کی ہے کہ حکومت نے تحریک طالبان کے 100 سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ رہائی پانے والوں میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جو حکومت کے قائم کردہ انٹرمنٹ سینٹرز میں اصلاح کے عمل سے گزر رہے تھے اور انھیں 6 ماہ کی اصلاحی عمل کی تکمیل سے پہلے رہا کر دیا ہے۔ رہائی پانے والے دیگر قیدیوں میں پیدل سپاہی شامل ہیں، سکیورٹی حکام کے مطابق حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ تحریک طالبان (جن کے ساتھ حکومت کے مذاکرات جاری ہیں) کے مطالبے پر نہیں کیا بلکہ طالبان کی جانب سے یکم نومبر کو سیز فائر کے اعلان کے بعد خیر سگالی کے طور پر کیا ہے۔

سکیورٹی حکام نے میڈیا کے ادارے کو یہ بھی بتایا کہ ابھی تک حکومت پاکستان یا اس کے نمائندوں کے تحریک طالبان کی مذاکراتی ٹیم سے براہ راست مذاکرات نہیں ہوئے بلکہ مذاکرات کا سلسلہ دونوں طرف کیلیے قابل قبول مذاکرات کاروں کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔ ایک اعلیٰ سکیورٹی اہلکار نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے یہ فیصلہ ماضی کو دیکھ کر اپنی جانب سے کیا ہے اور طالبان کی جانب سے کوئی شرط نہیں عائد کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ افغانستان میں اگست کے مہینے میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد پاکستان نے تحریک طالبان افغانستان کے کہنے پر تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا۔ جس میں افغان طالبان نے پاکستانی طالبان کے مستقبل میں امن میں رہنے اور آئین پاکستان تسلیم کرنے کی ضمانت دی ہے۔ جس کے بعد تحریک طالبان سے مذاکرات جاری ہیں۔ یکم نومبر کو تحریک طالبان نے سیز فائر کا اعلان کیا جس پر بدستور عمل جاری ہے۔ اعلیٰ سیکورٹی حکام کے مطابق تحریک طالبان کے مختلف دھڑوں سے بیک وقت مذاکرات جاری ہیں تاہم یہ مذاکرات ، مذاکرات کاروں کے ذریعے ہو رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 965009

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965009/حکومت-نے-کالعدم-ٹی-پی-کے-100-دہشتگرد-قیدی-رہا-کر-دیئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org