اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر ایوب آفریدی مستعفی ہو گئے ہیں جب کہ چیئرمین سینیٹ نے ان کا استعفیٰ بھی منظور کر لیا ہے۔ ایوب آفریدی کے مستعفی ہونے سے مشیر خزانہ شوکت ترین کی سینیٹر بنانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے جب کہ ایوب آفریدی کو وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے اورسیز کا عہدہ دیا گیا ہے۔ اس ضمن میں ایوب آفریدی کا کہنا ہے کہ میں نے وزیراعظم کو استعفی پیش کیا تھا لیکن مشترکہ اجلاس کے باعث انتظار کا کہا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ میری سینٹ کی نشست وزیراعظم کی امانت تھی، جسے خوشی کے ساتھ واپس کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے صوابدید ہے جس کو چاہے ذمہ داری دیں، اگر وزیراعظم کوئی ذمہ داری نہیں بھی دیں گے تو کوئی اعتراض نہیں۔ ایوب آفریدی نے کہا کہ موقع دیا گیا تو قوم و ملک کی خدمت کروں گا۔