QR CodeQR Code

مظلوم کو ظلم سہنے کی بجائے ظالم کے مقابل میں قیام کرنا چاہیئے، علامہ مقصود ڈومکی

23 Nov 2021 17:51

ام رباب چانڈیو سے ملاقات کے دوران ایم ڈبلیو ایم رہنما نے کہا کہ معاشرے کے بااثر افراد خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، ایسے ظالم اور بدکردار لوگوں کا منتخب ایوانوں میں پہنچنا ہمارے ملک کا المیہ ہے، کربلا وہ درسگاہ ہے جو ہر دور کے مظلوم کو ظلم و جبر کے خلاف قیام کا راستہ دکھاتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے سرزمین سندھ کی بہادر بیٹی ام رباب چانڈیو سے ملاقات کی اور ان سے مختلف امور پر گفتگو کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں ہونے والے ظلم کے واقعات افسوسناک ہیں، مظلوم کو ظلم سہنے کی بجائے ظالم کے مقابل میں قیام کرنا چاہیئے، معاشرے کے بااثر افراد خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، ایسے ظالم اور بد کردار لوگوں کا منتخب ایوانوں میں پہنچنا ہمارے ملک کا المیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ کربلا وہ درسگاہ ہے جو ہر دور کے مظلوم کو ظلم و جبر کے خلاف قیام کا راستہ دکھاتی ہے، ام رباب سندھ میں ظلم کے خلاف قیام کی علامت بن چکی ہیں، طاقتور ظالموں کے خلاف جہد مسلسل کے لئے ام رباب کی جدوجہد قابل تقلید ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ام رباب چانڈیو نے کہا کہ میں نے ظالم کے خلاف قیام اور استقامت کا درس حضرت سیدہ زینب کبری سلام اللہ علیہا سے لیا ہے، جنہوں نے دنیا کے ہر مظلوم کو یہ پیغام دیا کہ ظالم بظاہر کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو مگر ظالم بزدل ہوتا ہے، میں نے ظالم سرداری نظام کے خلاف عوام میں شعور اور بیداری کی تحریک شروع کی ہے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے ام رباب چانڈیو کو اتحاد بین المسلمین کے موضوع پر اپنی کتاب اہل بیت علیھم السلام کا علمی مقام امت اسلامی کے اتحاد کا محور اور سالانہ کلینڈر کا تحفہ پیش کیا۔


خبر کا کوڈ: 965053

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965053/مظلوم-کو-ظلم-سہنے-کی-بجائے-ظالم-کے-مقابل-میں-قیام-کرنا-چاہیئے-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org