0
Tuesday 23 Nov 2021 18:06

تین ماہ ملکی سیاست کیلئے اہم ہیں، نواز شریف وطن واپس آسکتے ہیں، منظور وسان

تین ماہ ملکی سیاست کیلئے اہم ہیں، نواز شریف وطن واپس آسکتے ہیں، منظور وسان
اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے، اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق کیس میں منظور وسان کی عبوری ضمانت میں 24 دسمبر کے لئے توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں بینچ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے، اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق نیب انکوائری کیخلاف پیپلز پارٹی رہنما منظور وسان کی درخواست پرسماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے چیئرمین نیب نے انکوائری بند کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کیا فیصلہ کیا؟ منظور وسان کے وکیل نے مؤقف دیا کہ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا انکوائری بند کر رہے ہیں۔ کئی ماہ گزر گئے، انکوائری سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔ پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ انکوئری نیب سکھر منتقل کی جاری ہے، رپورٹ بھی سکھر میں جمع کرادیں گے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو انکوئری سے متعلق رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش کرنا ہوگی۔

عدالت نے منظور وسان کی عبوری ضمانت میں 24 دسمبر کے لئے توسیع کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے مزید سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد غیر رسمی گفتگو میں پیپلز پارٹی منظور وسان نے کہا کہ دسمبر ہمیشہ خطرناک ہوتا ہے، تین ماہ ملکی سیاست کے لئے اہم ہیں، نواز شریف ان دنوں میں وطن واپس آسکتے ہیں، آڈیوز اور ویڈیوز لیک ہوتی رہیں مگر رزلٹ کوئی نہیں نکلے گا، تین سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں، کھچڑی جو پک رہی وہ کسی نتیجے پر پہنچے گی، حالات خراب ہیں آگے جاکر اور بھی خراب ہوں گے، باہر سے کوئی آسکتا ہے جس کا کام ہوگا الیکشن کرا کر اقتدار کسی اور کو منتقل کرنا ہوگا، تین ماہ بڑے اہم ہیں نواز شریف واپس آسکتے ہیں، کچھ لوگ ملک کو کس طرف لے کر جارہے ہیں پتہ نہیں کیا ہو۔
خبر کا کوڈ : 965055
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش