QR CodeQR Code

مہنگائی کے جن کو قابو کرنا ہے تو آئی ایم ایف سے قرضے لینا بند کرنا ہونگے، ثروت اعجاز قادری

23 Nov 2021 23:41

کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ عوام حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ کیا ہم نے اس لئے ووٹ دیا تھا کہ ملک کو مہنگائی کی بلندی پر لے جا کر غریب کا معاشی قتل کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ انسانیت دشمن معاشی پالیسیاں کسی طور بھی ملک کے مفاد میں نہیں، مہنگائی کے جن کو قابو کرنا ہے تو آئی ایم ایف سے قرضے لینا بند کرنا ہونگے، بجلی، تیل کی قیمتیں بڑھانے کا حکومتی اعلان مایوس کن کارکردگی کی علامت ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں اپنی رہائش گاہ قادری ہاؤس سے حیدرآباد روانگی کے موقع پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکومت کا آئی ایم ایف سے معاہدہ مہنگائی کا طوفان ہوگا، حکومتی معاشی فیصلے کسی طور بھی غریب عوام کے مفاد میں نہیں ہیں، ملک میں 10 کروڑ سے زائد عوام غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا آئی ایم ایف کے سامنے ڈھیر ہونا سمجھ سے بالاتر ہے، معاہدہ میں اپنے ایشوز منوانے کی بجائے آئی ایم ایف کو بجلی کی قیمت میں اضافے اور پیٹرول پر لیوی بڑھانے کا تحفہ دیا گیا ہے، جو غریب عوام کے ساتھ ظلم اور معاشی قتل ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ مہنگائی نے غریب کا جینا مشکل بنا دیا ہے اور اب گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے تنگ آکر سفید پوش لوگ خودکشی پر مجبور ہوگئے ہیں، بتایا جائے ان کا خون کس کے ہاتھوں میں تلاش کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریب عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں مکمل ناکام ہے، حکومت نے عوام کو ملک کی معاشی ترقی اور استحکام کیلئے جو سہانے خواب دکھائے تھے، وہ پورے نہ کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ عوام حکمرانوں سے پوچھتے ہیں کہ کیا ہم نے اس لئے ووٹ دیا تھا کہ ملک کو مہنگائی کی بلندی پر لے جا کر غریب کا معاشی قتل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا آئینی، اخلاقی اور جمہوری فرض ہے کہ وہ غریبوں کو معاشی طور پر ریلیف فراہم کریں۔


خبر کا کوڈ: 965120

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965120/مہنگائی-کے-جن-کو-قابو-کرنا-ہے-آئی-ایم-ایف-سے-قرضے-لینا-بند-ہونگے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org