0
Tuesday 23 Nov 2021 23:46

جماعت اسلامی کی کے الیکٹرک کیخلاف احتجاج کے دوران مظاہرین پر فائرنگ کی مذمت

جماعت اسلامی کی کے الیکٹرک کیخلاف احتجاج کے دوران مظاہرین پر فائرنگ کی مذمت
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری کاشف سعید شیخ نے کراچی کی لی مارکیٹ میں کے الیکٹرک کیخلاف جماعت اسلامی کے تحت منعقدہ مظاہرے کے دوران فائرنگ کی شدید مذمت اور واقعے میں ملوث مجرموں کو فی الفور گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے مذمتی بیان میں کاشف سعید شیخ نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے کراچی کے صارفین کو اوور بلنگ، لوڈشیڈنگ کیخلاف جماعت اسلامی کئی سالوں سے بھرپور احتجاج کرتی رہی ہے، کے الیکٹرک بھی اب کراچی کے عوام کیلئے وڈیرہ شاہی کی طرح ایک عفریت بن چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج کرنا ہر شہری کا حق ہے، جسے کوئی بھی طاقت نہیں چھین سکتی۔

کاشف سعید شیخ نے کہا کہ احتجاج کرنے والے نہتے لوگوں پر فائرنگ اور زخمی کرنے سے نااہل ادارہ اپنے کرتوت نہیں چھپا سکتا، کے الیکٹرک نے سیکورٹی کے نام پر غنڈے پال رکھے ہیں، لوگوں کو سہولیات فراہم کریں تاکہ عوام سکون کا سانس لے سکے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی سندھ کے الیکٹرک کے رویئے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے پُرزور مطالبہ کرتی ہے کہ مذکورہ واقعے میں ملوث افراد کو فی الفور گرفتار کرکے کڑی سزا دی جائے اور زخمی مظاہرین کا سرکاری خرچ پر علاج کیا جائے۔ صوبائی رہنماء نے فائرنگ میں زخمی ہونے والے افراد کیلئے جلد اور کامل صحتیابی کی بھی دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 965121
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش