QR CodeQR Code

مراد علی شاہ اسرائیل یا بھارت کے وزیراعلیٰ نہیں کہ وفاق مشاورت نہیں کر رہا، سعید غنی

24 Nov 2021 18:33

کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ سندھ میں ایسی عمارتیں ہیں جو خلاف ضابطہ بن چکی ہیں اور لوگ رہائش پذیر ہیں، ان کا تحفظ چاہتے ہیں، ہم سندھ کی ایسی عمارتوں کے تحفظ کے لئے قانون پاس کرانا چاہتے ہیں جہاں لوگ رہائش پذیر ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کے لوگوں کو پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کی سزا دے رہی ہے۔ کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہا کہ مراد علی شاہ اسرائیل یا بھارت کے وزیراعلیٰ نہیں کہ وفاق مشاورت نہیں کر رہا۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ مراد علی شاہ ان کو ٹف ٹائم دیتے ہیں، اس لئے ان کو برے لگتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں نے پیسے دے کر گھر لئے ہیں کوئی قبضہ نہیں کیا جبکہ پنجاب میں خلاف ضابطہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے تحفظ کے لئے قانون بنایا گیا ہے، سندھ میں اپوزیشن اس قانون سازی کی مخالفت کررہی ہے جو پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت بناچکی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں ایسی عمارتیں ہیں جو خلاف ضابطہ بن چکی ہیں اور لوگ رہائش پذیر ہیں، ان کا تحفظ چاہتے ہیں، ہم سندھ کی ایسی عمارتوں کے تحفظ کے لئے قانون پاس کرانا چاہتے ہیں جہاں لوگ رہائش پذیر ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ جن لوگوں نے غیر قانونی کام کیا ہے ان کو سزائیں دینی چاہیئے چاہے ان کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، یہ حل نہیں کہ لاکھوں لوگوں کو اٹھا کر باہر پھینک دیں۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ضابطہ عمارتوں کو تحفظ دینے کا بل ابھی اسمبلی میں نہیں آیا ہے۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ نسلہ ٹاور کا فیصلہ آچکا ہے اور انتظامیہ عدالتی احکامات کی روشنی میں اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس، گندم، چینی سمیت تمام بحرانوں کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیا جاتا ہے، افسران کو ایک جگہ سے ہٹا کر دوسری جگہ لگا دیا جاتا ہے۔ صوبائی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیر خزانہ نے کل تسلیم کیا کہ وقت پر ایل این جی نہیں خریدی گئی۔


خبر کا کوڈ: 965241

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965241/مراد-علی-شاہ-اسرائیل-یا-بھارت-کے-وزیراعلی-نہیں-کہ-وفاق-مشاورت-کر-رہا-سعید-غنی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org