QR CodeQR Code

شوکت ترین کا ملک میں شدید گیس بحران پر اعتراف ہمارے مؤقف کی تائید ہے، امتیاز شیخ

24 Nov 2021 19:03

ایک بیان میں وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم ملک و قوم کے لئے معاشی رسک بن چکے ہیں، ملک سے بحرانوں کے خاتمے کے لئے موجودہ حکومت سے نجات ناگزیر ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر توانائی سندھ امتیاز شیخ نے مشیر خزانہ شوکت ترین کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مشیر خزانہ کا اعتراف ہمارے مؤقف کی تائید وفاقی وزارت توانائی کی نااہلی پر چارج شیٹ ہے، بروقت ایل این جی کے ٹینڈر نہ کرکے ملکی خزانے کو اربوں ڈالرز کا ناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابق وزراء ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر پر قوم سے مسلسل جھوٹ بولتے رہے ہیں، مشیر خزانہ کے گیس بحران پر اعتراف کرنے کے بعد وزیر توانائی حماد اظہر کو اپنی نااہلی اور ناکامی پر اخلاقی طور پر فوری مستعفی ہوجانا چاہیئے۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ وزیراعظم کے ماہر معاشیات کی ٹیم اور خود وزیراعظم کے مسلسل تجربوں نے تین سالوں سے ایل این جی کی خریداری پر ملکی خزانے کو تاریخی نقصان پہنچایا ہے، وزیراعظم کے تجربوں اور زیر تربیت حکمرانوں کی نااہلی ناکامیوں اور بدعنوانیوں کا خمیازہ قوم کو بھگتنا پڑرہا ہے۔

وزیر توانائی سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت کے اندر طاقتور مافیاز موجود ہیں جن کو اپنا ذاتی مفاد ملک و قوم سے زیادہ ہے عزیز ہے۔ امتیاز شیخ نے کہا کہ فیس بک پر پی ٹی آئی کے خلاف کمنٹس کرنے والے افسر کے خلاف وزیراعظم ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دیتے ہیں مگر مہنگی ایل این جی کی خریداری پر نیب اور دیگر تحقیقاتی اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے، وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم ملک و قوم کے لئے معاشی رسک بن چکے ہیں۔ امتیاز شیخ نے مزید کہا کہ ملک سے بحرانوں کے خاتمے کے لئے موجودہ حکومت سے نجات ناگزیر ہے۔


خبر کا کوڈ: 965248

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965248/شوکت-ترین-کا-ملک-میں-شدید-گیس-بحران-پر-اعتراف-ہمارے-مؤقف-کی-تائید-ہے-امتیاز-شیخ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org