QR CodeQR Code

وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر کی ایرانی قونصل جنرل سے ملاقات

24 Nov 2021 19:31

ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ، ثقافتی اور ہمسائیگی کے تعلقات کی ایک تاریخ رکھتے ہیں اور دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے مابین باہمی تجارت کے مواقعوں کے فروغ سے معاشی استحکام میں معاونت میسر آسکتی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے سرمایہ کاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سید قاسم نوید قمر نے اسلامی جمہوریہ ایران کے کراچی میں قونصل جنرل حسن نورانی سے قونصل خانے میں ملاقات کی۔ اس موقع پر دونوں معززین نے باہمی دلچسپی کے امور اور باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کو فروغ دینے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے کہا کہ پاکستان اور ایران برادرانہ، ثقافتی اور ہمسائیگی کے تعلقات کی ایک تاریخ رکھتے ہیں اور دونوں برادر ہمسایہ ممالک کے مابین باہمی تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقعوں کے فروغ سے معاشی استحکام میں معاونت میسر آسکتی ہے۔

اس موقع پر ایرانی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر اور ان کے ساتھ آنے والے وفد کے ارکان سندھ حکومت کے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ شعبے کے ڈائریکٹر جنرل خالد محمود شیخ اور سندھ انٹر پرائز ڈیولپمنٹ فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو افیسر محبوب الحق کو اپنے دفتر میں خوش آمدید کہا اور ایران اور پاکستان کے مابین باہمی تجارتی تعلقات کے امکانات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر دونوں معززین نے دونوں ملکوں کے وفود کے مابین بات چیت جاری رکھنے، قابل عمل تجاویز کو عملی شکل دینے اور باہمی سرمایہ کاری کے مواقعوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔


خبر کا کوڈ: 965254

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965254/وزیراعلی-سندھ-کے-معاون-خصوصی-سید-قاسم-نوید-قمر-کی-ایرانی-قونصل-جنرل-سے-ملاقات

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org