0
Wednesday 24 Nov 2021 20:06

پیپلز پارٹی کی حکومت ہمیشہ عام آدمی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے، بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی کی حکومت ہمیشہ عام آدمی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومتِ سندھ کی جانب سے ماں و بچے کو دوران حمل، دوران زچگی اور پیدائش کے بعد علاج و معالجے کی مفت سہولیات اور وظیفے کے اجراء کے پروگرام کو صوبے میں صحتِ عامہ کے لئے ایک تاریخی اقدام اور انقلابی منصوبہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت ہمیشہ عام آدمی کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوتی ہے۔ سندھ حکومت کے سوشل پروٹیکشن اسٹریٹجی یونٹ کے تحت ماں اور بچے کو دوران حمل، دوران زچگی اور پیدائش کے بعد علاج و معالجے کی مفت سہولیات اور وظیفے کے اجرا کے حوالے سے امدادی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غریب عوام کی خدمت کرنا ہی پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ وعدہ نہیں کرتے کہ اگر پی پی پی کی حکومت ہوگی تو ہمیشہ اچھا وقت ہوگا لیکن ہم یہ وعدہ کرتے ہیں کہ اگر عوام تکلیف میں ہوگی، تو ہم دن رات کام کرکے اس تکلیف کا حل نکالیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی جماعت کی تاریخ ہے کہ انہوں نے ہمیشہ عوام کی بہبود و ترقی کے لئے کام کیا ہے، قائدِ عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کا لینڈ ریفارم پروگرام ملک کا بہت بڑا معاشی انقلاب تھا، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے دور حکومت لیڈی ہیلتھ ورکرز (ایل ایچ ڈبلیو) جیسے انقلابی پروگرام پر ملک کے اندر اور باہر سے بہت تنقید کی گئی لیکن اس پروگرام کے آغاز کے بعد بنگلادیش، بھارت اور دیگر ممالک نے بھی اس کی تقلید کی اور یہ منصوبہ ان کے لئے بھی کامیاب ثابت ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ پی پی پی کی سابقہ حکومت کے دوران جب بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کا آغاز کیا جا رہا تھا، تو اس کی بھی مخالفت کی گئی اور کہا گیا کہ اس پروگرام کے ذریعے فقیر پیدا کئے جارہے ہیں لیکن سابق صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ایک عزم کے ساتھ، اِس پروگرام کو عوامی حکومت کے پہلے سال سے شروع کرنے کو یقینی بنایا۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ 2018ء کے بعد ملک میں معاشی بحران ہے اور مہنگائی میں بھی بہت اضافہ ہوا ہے، غربت اور مہنگائی کا سب سے زیادہ نقصان دیہی علاقوں میں ہوتا ہے، اس بحران کی وجہ سے ماں اور بچے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت سندھ کے نئے پروگرام پر بات کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت ماں اور بچہ کی صحت پر توجہ مرکوز کیا جائے گا، یہ پروگرام بچے کے پہلے ایک ہزار دنوں پر فوکس کرے گا اور پہلا دن ماں کے حاملہ ہونے سے شروع ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حاملہ ماں کو اسپتال میں معمول کے مطابق چیک اپ کرانے پر 1000 روپے، جبکہ صحت مرکز میں بچے کی پیدائش پر 4000 روپے مالی معاونت کے طور پر دیئے جائیں گے، اس طرح سے بچے اور ماں کی صحت کے لئے تمام ضروری اقدام کو یقینی بنایا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 965257
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش