QR CodeQR Code

حکومت آدھا سچ بول کر عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتی، ثروت اعجاز قادری

24 Nov 2021 23:26

اپنے ایک بیان میں پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ چھوٹے تاجر حکومتی پالیسیوں سے بیزار ہو چکے ہیں، بڑے مگر مچھوں سے ٹیکس وصولی میں کامیاب نہ ہونا دوہری پالیسی یا کرپشن کا شاخسانہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو بیوقوف نہ سمجھے، جن ممالک میں پیٹرول مہنگا ہے وہاں مزدور کی تنخواہ ڈیڑھ لاکھ روپے سے زیادہ بنتی ہے، پاکستان میں مزدور غریب کی 20 ہزار مشکل سے تنخواہ ہے، حکومت پورا سچ بولے، آدھا سچ بول کر عوام کو بیوقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ تمام ٹیکسز غریب مزدور طبقے سے وصول کئے جا رہے ہیں، بے روزگاری عام ہے، لوگ خودکشی کر رہے ہیں، حکمران کس سے ٹیکس وصول کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجر حکومتی پالیسیوں سے بیزار ہو چکے ہیں، بڑے مگر مچھوں سے ٹیکس وصولی میں کامیاب نہ ہونا دوہری پالیسی یا کرپشن کا شاخسانہ ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ جو حکومت آتی ہے، وہ اعلان کرتی ہے کہ ملک چلانے کیلئے پیسہ نہیں ہے، ملک کے خزانے اور غریبوں سے وصول کیا جانے والا ٹیکس کہاں جا رہا ہے، ہر اشیاء پر ٹیکس لگایا گیا ہے، غریب کا بجلی، گیس، پانی اور پیٹرول پر ٹیکس لگا کر خون چوسا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ غریب کو ریلیف نہیں دے سکتے تو مہنگائی اور بحرانوں کے تحفے بھی نہ دیں، حکومت کا کام عوام کو مشکلات سے نکالنا ہے، مگر حکمران عوام کو مشکلات میں دھکیل رہے ہیں، ملک میں مہنگائی کا طوفان ہے، ایسی صورت حال میں مزید ٹیکس لگانا غریب کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔


خبر کا کوڈ: 965294

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965294/حکومت-آدھا-سچ-بول-کر-عوام-کو-بیوقوف-نہیں-بنا-سکتی-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org