QR CodeQR Code

پیٹرول کیلئے قوم کو دھکے کھاتے دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے، شہباز شریف

25 Nov 2021 12:06

اپنے بیان میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ملک میں گیس کا بحران عمران نیازی کی بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے ہے۔ گیس مہنگی اور موجود بھی نہیں، نئے سال پر گیس کی قیمت میں 400 فیصد اضافے کا نیا بم قوم پر گرنیوالا ہے۔ یکم جنوری سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو سینکڑوں روپے اضافی ادا کرنے پر گیس ملے گی


اسلام ٹائمز۔ صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ قطاروں میں کھڑے عوام آج نواز شریف اور پرانے پاکستان کو حسرت سے یاد کر رہے ہیں۔ میاں شہباز شریف نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں گیس کا بحران عمران نیازی کی بدانتظامی اور کرپشن کی وجہ سے ہے۔ گیس مہنگی اور موجود بھی نہیں، نئے سال پر گیس کی قیمت میں 400 فیصد اضافے کا نیا بم قوم پر گرنیوالا ہے۔ یکم جنوری سے گھریلو اور کمرشل صارفین کو سینکڑوں روپے اضافی ادا کرنے پر گیس ملے گی جبکہ آئندہ ماہ 1400 سے بڑھا کر 1700 روپے فی ایم ایم بی ٹی یو یونٹ کرنے کی تیاری قوم کو ذبح کرنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ گیس کے بعد چینی کا بحران پھر سے سر اٹھا رہا ہے، پہلے ہی 52 روپے والی چینی 130 اور 150 تک مل رہی ہے، کرشنگ شروع ہونے کے باوجود چینی کی سپلائی اب تک بحال نہ ہونا نااہلی و بدانتظامی کی انتہاء ہے جبکہ ڈالر 177 روپے سے زائد پر فروخت ہو رہا ہے، ڈالر کی پرواز قوم کی مہنگائی کے دردناک کرب کو مسلسل بڑھا رہی ہے، کوئی پرسان حال نہیں، روپے کی قدر میں ایک فیصد کمی مہنگائی میں 14 سے 16 بنیادی پوائنٹس میں اضافہ کرتی ہے۔ میاں شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کی دیدہ دلیری پر حیرت ہے، اب کنٹینر والی باتیں کیوں بھول گئے ہیں؟ اب ان کی سیاسی اخلاقیات کہاں ہے؟ مہنگائی کا بے قابو جن گلی گلی، گھر گھر اعلان کر رہا ہے کہ وزیراعظم چور ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر دن، ہر بحران، قیمتوں میں ہر اضافہ پکار پکار کر دہائی دے رہا ہے کہ یہ حکومت چلتی رہی تو ملک نہیں چلے گا، عوام تکلیف میں رہیں گے۔ پورے ملک کو تین سال سے نااہلی، نالائقی، کرپشن اور مہنگائی کی سموگ نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، پیٹرول، آٹے، چینی اور اشیائے ضروریہ کیلئے قوم کو قطاروں میں دھکے کھاتے دیکھ کر دل خون کے آنسو رو رہا ہے راشن کارڈ، قطاریں، مہنگائی، یوٹرن، جھوٹ نئے پاکستان کی شناختی علامات بن چکی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 965353

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965353/پیٹرول-کیلئے-قوم-کو-دھکے-کھاتے-دیکھ-کر-دل-خون-کے-ا-نسو-رو-رہا-ہے-شہباز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org