QR CodeQR Code

کوئٹہ، عدالت عالیہ کا ڈاکٹرز کے احتجاج کیخلاف کارروائی کا حکم

25 Nov 2021 12:53

ایک کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس بلوچستان نے حکومت بلوچستان کو احتجاج کرنیوالے ڈاکٹرز کیخلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ انکا احتجاج سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ چیف جسٹس بلوچستان نعیم اختر افغان نے احتجاج کرنے والے ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان ہائی کورٹ میں ہسپتالوں میں سہولیات کے فقدان سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ جس کی سماعت چیف جسٹس بلوچستان نعیم اختر افغان اور جسٹس عبداللہ بلوچ کی سربراہی میں ہوئی۔ چیف جسٹس نے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی ہڑتال پر وائی ڈی اے کے عہدیداران پر برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس بلوچستان نے ینگ ڈاکٹرز کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ ہم آپ کا مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں، مگر آپ مسئلے کو جوں کا توں رکھنا چاہتے ہیں۔ آپ نے پھر دھرنا اور ریلیاں شروع کر دیں، آپ کو کس نے عوام کو تنگ کرنے کا اختیار دیا۔ آپ نے پھر دھرنا دے دیا ہے۔ چیف جسٹس نے ینگ ڈاکٹرز سے مکالمے کے دوران سخت ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ یہ پروفیشن چھوڑ کر جوتوں کی دکان کھول لیں۔ آپ یہ مسئلہ حل نہیں کرنا چاہتے۔ اگر یہ دھرنا آپ کا ہے تو بتائیں ابھی توہین عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہیں۔ پھر دیکھتے ہیں آپکو کیا صورتحال پیش آتی ہے۔ جس پر ینگ ڈاکٹرز نے موقف اختیار کیا کہ ریڈ زون میں جاری دھرنا ینگ ڈاکٹرز کا نہیں بلکہ ڈاکٹرز کا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز کو مخاطب کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ جو سفارشات آپ نے دینی تھیں دے دیں، اب آپ کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ جائیں جو آپ کا دل کرتا ہے آپ کریں، لیکن آپ کو مزید اس طرح کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہم حکومت  سے کہتے ہیں کہ وہ احتجاج کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کرے۔


خبر کا کوڈ: 965365

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965365/کوئٹہ-عدالت-عالیہ-کا-ڈاکٹرز-کے-احتجاج-کیخلاف-کارروائی-حکم

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org