QR CodeQR Code

 نت نئے آڈیو ویڈیو سکینڈلز نے ملک میں انارکی پھیلا دی ہے، لیاقت بلوچ

25 Nov 2021 13:57

جماعت اسلامی کے قائمقام امیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے اور ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے، نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اس امید کے ساتھ پی ٹی آئی کا ساتھ دیا تھا کہ موجودہ وزیراعظم ان کے مسائل حل کریں گے، مگر سوا تین سال گزر گئے اور حالات پہلے سے بھی بدتر ہو گئے۔


اسلام ٹائمز۔ قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ حکومت فی الفور طلبہ یونین پر پابندی اٹھائے، بے روزگاری ملک کے 75فیصد نوجوانوں کا مسئلہ ہے، یوتھ قوم کا مستقبل ہے مگر حکمرانوں نے اسے ناامیدی اور ڈپریشن کا شکار کر دیا ہے۔ پی ٹی آئی نے سٹیٹس کو برقرار رکھا۔ رشوت، ناانصافی، لاقانونیت، مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ریاست کے تمام ادارے آپس میں دست و گریبان ہیں۔ بڑی نام نہاد اپوزیشن جماعتوں کو بھی عوام کے مسائل کی کوئی پرواہ نہیں، صرف اپنے مفادات کے تحفظ کی لڑائیاں ہو رہی ہیں۔ جماعت اسلامی قوم کا مقدمہ ہر فورم پر لڑے گی، نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ جے آئی یوتھ 28نومبر کو اسلام آباد میں عظیم الشان دھرنا دے گی جس میں ملک بھر سے بے روزگار پڑھے لکھے نوجوان شرکت کریں گے۔ وزیراعظم ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ پورا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم، صدر جے آئی یوتھ پاکستان زبیر گوندل، امیر ضلع اسلام آباد نصراللہ رندھاوا و دیگر قائدین بھی ان کے ہمراہ تھے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ اس وقت ملک ایک آئینی، سیاسی، سماجی اور نظریاتی بحران سے دوچار ہے، حکومت کرپشن مافیا کے ہاتھوں یرغمال ہے، نت نئے آڈیو ویڈیو سکینڈلز نے ملک میں انارکی پھیلا دی ہے، جس سے قومی سلامتی بھی خطرات سے دوچار ہے۔ وزیراعظم اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں۔ حکمرانوں کو ایشوز کو سمجھنے کا ادراک نہیں اور نہ ہی انھیں حل کرنے کی قابلیت اور اہلیت ہے۔ اس حکومت نے معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا ہے اور ملک کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔ نوجوانوں کی بڑی تعداد نے اس امید کے ساتھ پی ٹی آئی کا ساتھ دیا تھا کہ موجودہ وزیراعظم ان کے مسائل حل کریں گے، مگر سوا تین سال گزر گئے اور حالات پہلے سے بھی بدتر ہوگئے۔ نوجوان بے روزگاری کے اندھے کنویں میں دھکیلے جا رہے ہیں اور نفسیاتی اور اعصابی امراض کا شکار ہو رہے ہیں۔ افراط زر، روپے کی قدر میں کمی، بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، اندرونی قرضوں کی بھرمار، صنعت و تجارت و زراعت کی تباہی پی ٹی آئی حکومت کے ٹریڈ مارکس بن چکے ہیں۔ اس سے بھی بڑا المیہ یہ ہے کہ اپوزیشن کی دو بڑی جماعتیں اپنے مفادات کی بات کر رہی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 965383

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965383/نت-نئے-آڈیو-ویڈیو-سکینڈلز-نے-ملک-میں-انارکی-پھیلا-دی-ہے-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org