QR CodeQR Code

پشاور، تحریک انصاف وکلاء ونگ کا اپنی ہی حکومت کے خلاف احتجاج

25 Nov 2021 21:19

مظاہرین کا کہنا تھا کہ نااہل گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی وجہ سے صوبائی حکومت ناکام ہے، اپنے ورکرز کو نظر انداز کرکے دوسرے جماعتوں کے لوگوں کو عہدوں پر بٹھایا گیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک انصاف وکلاء ونگ نے گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو ہٹانے کا مطالبہ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف وکلاء ونگ اپنی ہی صوبائی حکومت کے خلاف سراپا احتجاج ہے، اور  انصاف لائرز فورم کی جانب سے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی، جب کہ مظاہرین نے گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو عہدوں سے ہٹانے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ نااہل گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی وجہ سے صوبائی حکومت ناکام ہے، اپنے ورکرز کو نظر انداز کرکے دوسرے جماعتوں کے لوگوں کو عہدوں پر بٹھایا گیا ہے، اٹارنی جنرل اور ایڈووکیٹ جنرل آفس میں اے این پی، جے یو پی، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی کے وکلاء لگائے ہیں،  اگر ان ہی پارٹیوں کے لوگوں کو آگے لانا تھا تو ہمیں تبدیلی کے سبز باغ کیوں دکھائے گئے۔

سیکرٹری جنرل انصاف لائرز فورم شاہ فیصل الیاس کا کہنا تھا کہ حکومت ابھی تک ناکام ہے اور اس ناکامی کی وجہ نا اہل لوگوں کو بڑے عہدے دینا ہے، حکومت نے ہمارے ساتھی وکلاء کو بھی گرفتار کیا ہے جس کی مذمت کرتے ہیں، جب کہ احتجاج میں شرکت نہ کرنے کے لئے وکلاء پر دباؤ ڈالا گیا اور  دھمکیاں دی گئی، ہم اپنا حق لے کر رہے گے، اور آئندہ احتجاج وزیراعظم ہاؤس کے سامنے ہوگا۔


خبر کا کوڈ: 965456

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965456/پشاور-تحریک-انصاف-وکلاء-ونگ-کا-اپنی-ہی-حکومت-کے-خلاف-احتجاج

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org