QR CodeQR Code

حکومت سے مذاکرات کامیاب، پیٹرولیم ڈیلرز کا ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

26 Nov 2021 01:31

ذرائع کے مطابق حکومت نے مذاکرات کے دوران ڈیلرز کو حتمی جواب دیا تھا کہ وہ 99 پیسے سے زیادہ مارجن نہیں بڑھا سکتے، اب مزید ہڑتال جاری رکھنی ہے یا نہیں، یہ فیصلہ آپکو کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیلرز ایسوسی ایشن حکومت کے اس جواب کے بعد ہڑتال ختم کرنے پر راضی ہوگئی۔


اسلام ٹائمز۔ حکومت اور پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے درمیان معاہدہ طے پاگیا، جس کے بعد پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن اور حکومت کے درمیان مذاکرات طے پاگئے ہیں، جس کے بعد پمپ مالکان ہڑتال ختم کرنے پر راضی ہوگئے، جس کا باضابطہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ اس حوالے سے وزارت توانائی نے اعلامیہ جاری کیا ہے، جس کے مطابق ڈیلر مارجن میں 99 پیسے فی لیٹر اضافے پر اتفاق ہوگیا ہے۔ پٹرولیم ڈویژن ای سی سی اور وفاقی کابینہ سے 99 پیسے اضافے کی منظوری لے گی جبکہ 6 ماہ بعد مارجن میں مہنگائی کے تناسب سے رد و بدل پر بھی اتفاق کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے مذاکرات کے دوران ڈیلرز کو حتمی جواب دیا تھا کہ وہ 99 پیسے سے زیادہ مارجن نہیں بڑھا سکتے، اب مزید ہڑتال جاری رکھنی ہے یا نہیں، یہ فیصلہ آپ کو کرنا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیلرز ایسوسی ایشن حکومت کے اس جواب کے بعد ہڑتال ختم کرنے پر راضی ہوگئی۔

ذرائع کے مطابق حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے کمیشن پر ششماہی بنیادوں پر نظرثانی کی جائے گی، ڈیزل پر مارجن 3.30 سے بڑھا کر 4.13 روپے مقرر کیا جائے گا جبکہ پیٹرول پر مارجن 3.91 روپے سے بڑھ کر 4.90 روپے کر دیا جائے گا۔ اس حوالے سے پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالسمیع خان نے اپنی رہائش گاہ پر ایسوسی ایشن کی عہدے داران کے ہمراہ پریس کانفرنس میں ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی پریشانی کا احساس تھا اور بہت مجبوری میں یہ قدم اٹھانا پڑا، ہم نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے موقف میں لچک دکھائی اور حکومت کی جانب سے پیٹرولیم ڈیلرز کا مارجن 4.4 فیصد کرنے کی یقین دہانی کی بعد ہڑتال ختم کر دی ہے۔


خبر کا کوڈ: 965487

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965487/حکومت-سے-مذاکرات-کامیاب-پیٹرولیم-ڈیلرز-کا-ہڑتال-ختم-کرنے-اعلان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org