QR CodeQR Code

نتائج کے منتظر کراچی یونیورسٹی میں داخلے کے خواہشمند طلبا کیلئے بڑی خبر آگئی

26 Nov 2021 09:46

ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سے انٹر کامرس و آرٹس کے نتائج میں تاخیر کے سبب نتائج کے بغیر داخلہ فارم جمع کرانے کی اجازت دے دی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ کراچی نے ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کی جانب سے انٹر کامرس و آرٹس کے نتائج میں تاخیر کے سبب نتائج کے بغیر داخلہ فارم جمع کرانے کی اجازت دے دی ہے۔ نتائج کے منتظر ہزاروں طلبہ اب داخلہ ٹیسٹ میں شرکت بھی کرسکیں گے۔ جامعہ کراچی کے تحت انٹری ٹیسٹ کی بنیاد پر داخلے دینے والے شعبوں میں ایڈمیشن کا آغاز 22 نومبر سے ہو چکا ہے، تاہم انٹر بورڈ کراچی کی انتظامیہ انٹر کامرس و آرٹس (ریگولر اور پرائیویٹ) دونوں ہی کے نتائج 4 ماہ بعد بھی جاری نہیں کر سکی ہے، جس کے سبب شہر کے ہزاروں طلبہ سخت پریشانی اور اضطراب کا شکار تھے۔ جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ داخلہ کمیٹی کی جانب سے ایڈمیشن پورٹل پر ایسے طلبہ کیلئے داخلہ فارم جمع کرانے کی سہولت دے دی گئی ہے، جن کے نتائج تاحال جاری نہیں ہوئے ہیں، داخلہ پورٹل ایسے طلبہ کی درخواست متعلقہ کالم کیساتھ قبول کرے گا۔

وائس چانسلر جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد عراقی نے بتایا کہ نتائج سے محروم ایسے طلبہ پہلے 5 دسمبر کو ہونے والے ویژول اسٹڈیز، جبکہ 12 دسمبر کو ہونے والے دیگر مختلف شعبوں کے انٹری ٹیسٹ میں شریک ہو سکیں گے اور محض نتائج نہ آنے کے سبب ہم شہر کے کسی طالب علم کو داخلے سے محروم یا داخلے کے عمل سے باہر نہیں کریں گے۔ واضح رہے کہ انٹر بورڈ کراچی کی انتظامیہ اب تک کامرس و آرٹس سال 2021ء کے نتائج کے اجراء میں ناکام ہے۔


خبر کا کوڈ: 965504

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965504/نتائج-کے-منتظر-کراچی-یونیورسٹی-میں-داخلے-خواہشمند-طلبا-کیلئے-بڑی-خبر-ا-گئی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org