QR CodeQR Code

کوئٹہ، طلباء اور حکومت کے درمیان مذاکرات، احتجاج 15 دن کیلئے موخر

26 Nov 2021 20:44

سردار عبدالرحمان کھیتران اور طلباء تنظیموں نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احتجاجی دھرنا 15 دن کیلئے موخر کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران جامعہ بلوچستان کے علاوہ صوبے کے دیگر تمام تعلیمی ادارے فعال رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جامعہ بلوچستان میں دو طلباء کے اغواء کے خلاف احتجاج میں بیٹھے طلباء اور صوبائی حکومت کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد احتجاجی دھرنے کو 15 دنوں کیلئے موخر کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر سردار عبدالرحمن کھتران نے جامعہ بلوچستان میں طلباء کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء تنظیموں نے ہمیں عزت و احترام دیا ہے۔ احتجاج کے دوران طلباء سے مذکرات کیلئے کئی بار ملاقاتیں کی ہیں۔ اغواء کیے گئے طلباء کے معاملے کو وزیراعلیٰ بلوچستان خود دیکھ رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ ہم نے طلباء کو قائل کیا ہے کہ صوبے کے تمام تعلیمی اداروں کو فعال کر دیں۔ بلوچستان بھر میں کل سے تمام تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کا احتجاج جامعہ بلوچستان تک محدود رہے گا۔ طلباء نے کہا ہے کہ دونوں طالب علموں کی بازیابی تک جامعہ بلوچستان بند رہے گی۔ سردار عبدالرحمان کھیتران کا کہنا تھا کہ 15 دن کے اندر طلباء کا سراغ لگا لیا جائے گا۔ سرد موسم کے باوجود طلباء کا احتجاجی دھرنا جاری رہا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان پہلے ہی پسماندہ ہے، ہم نہیں چاہتے کہ تعلیمی ادارے بند رہیں۔ بلوچستان کے طلباء و طالبات باصلاحیت ہیں۔


خبر کا کوڈ: 965591

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965591/کوئٹہ-طلباء-اور-حکومت-کے-درمیان-مذاکرات-احتجاج-15-دن-کیلئے-موخر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org