0
Friday 26 Nov 2021 21:58

ایس یو سی کا کراچی میں طاقت کا مظاہرہ اور سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان

ایس یو سی کا کراچی میں طاقت کا مظاہرہ اور سندھ بھر میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان صوبہ سندھ کی کابینہ کا اہم اجلاس جامع مسجد سجادیہ (جامشورو) میں صوبائی صدر حجۃ الاسلام علامہ سید اسد اقبال زیدی کی صدارت میں منعقد کیا گیا۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بلدیاتی انتخابات، اربعین کے موقع پر صوبے بھر میں عزاداران امام حسین علیہ السلام پر کاٹی جانے والی ایف آئی آروں سمیت دیگر اہم امور پر مشاورت اور فیصلہ جات کئے گئے۔ اجلاس کا آغاز تلاوت کلام الہٰی سے کیا گیا، جس کے بعد شرکاء اجلاس کے سامنے اجلاس کا ایجنڈا بیان کیا گیا، بعد ازاں اجلاس کی کارروائی آگے بڑھاتے ہوئے صوبائی صدر علامہ اسد اقبال زیدی صاحب نے اجلاس کے ایجنڈے کے مطابق جون سے لیکر حالیہ دنوں تک پیش آنے والے مسائل اور انکے تدارک کیلئے صوبے کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے شرکاء کو بریفنگ دی۔ اجلاس کے ایجنڈے کے دوسرے اور اہم نکتے "بلدیاتی انتخابات" کے حوالے سے اجلاس میں شریک صوبائی کابینہ کے اراکین سے مشاورت کی گئی اور اس ضمن میں مفصل گفتگو کی گئی، اس موقع پر تمام شرکاء اجلاس نے آئندہ آنے والے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا۔

اجلاس کے ایجنڈے کے اگلے نکتے کے مطابق اربعین امام حسین علیہ السلام کے موقع پر مومنین کے خلاف کاٹی جانے والی بے بنیاد ایف آئی آروں سمیت دیگر مسائل کے حل کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور اس ضمن میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں تشیع کی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا جائیگا، اس اجتماع کی تاریخ اور جگہ کا اعلان آئندہ چند روز میں صوبائی صدر کی جانب سے کیا جائیگا۔ اجلاس میں ملک میں بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری اور حکومت کی نااہلی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور مہنگائی، بے روزگاری، لاقانونیت کے خلاف بھرپور عوامی جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا ارادہ کیا گیا۔ آخر میں صوبائی جنرل سیکرٹری حجۃ الاسلام علامہ سید رضی حیدر زیدی نے اجلاس میں کی گئی گفتگو پر مختصر بریفنگ دی، جس کے بعد دعاء امام زمانہ (عج) کے ساتھ اجلاس کا باقاعدہ اختتام کیا گیا۔ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں شیعہ علماء کونسل صوبہ سندھ کی کابینہ کے اراکین سمیت جعفریہ یوتھ، جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن اور اسلامک ایمپلائز کے نمائندگان نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 965598
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش