0
Saturday 27 Nov 2021 00:14

پاکستان کے عوام فلسطین کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، فلسطین فاؤنڈیشن

پاکستان کے عوام فلسطین کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، فلسطین فاؤنڈیشن
اسلام ٹائمز۔ مسئلہ فلسطین پوری انسانیت کا مسئلہ ہے، صہیونیوں کی غاصب ریاست اسرائیل کا وجود دنیا کے امن کو تباہ و برباد کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین نے فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کی میزبانی پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنماء پیر ازہر علی شاہ ہمدانی نے کی جبکہ کانفرنس دارالعلوم قمر الاسلام میں منعقد ہوئی۔ کانفرنس سے جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی، مجلس وحدت مسلمین پاکستان سندھ کے صدر علامہ باقر زیدی، پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء اسرار عباسی، جمعیت علماء اسلام (ف) کے رہنماء مولانا عمر صادق، عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے رہنماء یونس بونیری، پاکستان مسلم لیگ (ق) کراچی کے صدر جمیل احمد، آل پاکستان سنی تحریک کے رہنماء مطلوب اعوان قادری، جعفریہ الائنس پاکستان کے رہنماء سید شبر رضا، تنظیم اہلسنت کے رہنماء مسرور ہاشمی، مفتی فیروزالدین رحمانی، معروف سماجی رہنماء بشیر سدوزئی، پی ٹی آئی خواتین رہنماء ارم بٹ، یوتھ پارلیمنٹ کے واصف انصاری اور ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام فلسطین کی سیاسی و اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے اور دنیا کی کسی حکومت کو حماس پر قدغن لگانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ برطانوی حکومت فی الفور حماس سے متعلق فیصلہ کو واپس لے، بصورت دیگر برطانوی حکومت کے خلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ حماس فلسطین کی نمائندہ جماعت ہے، حماس فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کر رہی ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ایک طرف عرب ریاستیں ہیں، جو فلسطین پر قائم کی جانے والی صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کر رہی ہیں تو دوسری طرف مظلوم فلسطینی ہیں، جو گذشتہ ایک صدی سے مسلسل آزادی کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں، آج دنیا کے سامنے حق اور باطل کے راستے واضح ہوچکے ہیں، فلسطین کا مسئلہ حق اور باطل کا مسئلہ ہے۔

سیاسی و مذہبی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ جو بھی اسرائیل کا حامی ہے، یقینی طور پر باطل کے ساتھ ہے، فلسطینی عوام اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہمارا فریضہ ہے کہ ہم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کو ان کے اپنے وطن سے بے گھر کرنے اور فلسطین پر صہیونی قبضہ کی منصوبہ بندی میں صہیونیوں کے ساتھ ساتھ برطانوی استعمار اور امریکی سامراج برابر کے شریک ہیں۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ فلسطین میں ایک صدی سے جاری ظلم و بربریت میں امریکہ اور برطانیہ برابر کے حصہ دار ہیں۔ مقررین نے کہا کہ پوری دنیا میں 29 نومبر کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے دن منایا جاتا ہے، تاہم فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام اٹھائیس نومبر اتوار کو شاہراہ فیصل کراچی سے یکجہتی فلسطین سائیکل ریلی کا انعقاد کیا جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 965626
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش