QR CodeQR Code

5 اگست 2019ء کو عقل سے عاری فیصلہ لیا گیا، غلام نبی آزاد

28 Nov 2021 11:36

عوامی اجتماع سے خطاب ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو جموں و کشمیر پر بجلی گری جب ایسے فیصلے کئے گئے جنکے بارے میں جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں نے ہی نہیں بلکہ ملک کے لوگوں نے کبھی سوچا ہی نہیں تھا۔


اسلام ٹائمز۔ کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق وزیراعلٰی غلام نبی آزاد نے کہا ہے کہ ہندوستان کی تاریخ میں پہلی بار کسی ریاست کو تقسیم کر کے اسے دو حصوں میں بانٹا گیا ہے۔ قاضی گنڈ کولگام میں عوامی اجتماع سے خطاب ہوئے غلام نبی آزاد نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کو جو کچھ بھی کیا گیا وہ عقل سے عاری فیصلہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ پانچ اگست 2019ء کو جموں و کشمیر پر بجلی گری جب ایسے فیصلے کئے گئے جن کے بارے میں جموں و کشمیر اور لداخ کے لوگوں نے ہی نہیں بلکہ ملک کے لوگوں نے کبھی سوچا ہی نہیں تھا اور ملک کی ایک پرانی ریاست کو دو حصوں میں منقسم کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر وہ ریاست ہے جس کو دنیا بھر میں جانا جاتا ہے اور جس پر اقوام متحدہ میں گذشتہ 70 برسوں کے دوران بحثیں ہوئیں اور دنیا کے مختلف ممالک میں اس پر بات ہوئی۔

غلام نبی آزاد نے کہا کہ جب 1947ء میں ملک کا بٹوارہ ہوا اس وقت جموں و کشمیر کی عمر 101 برس تھی، اس وقت 563 ریاستیں تھیں جن کو ملا کر 12 صوبے بنا دئے گئے لیکن جموں و کشمیر کو اس وقت بھی کسی صوبے کے ساتھ ملانے کی ضرورت نہیں پڑی۔ ان کا کہنا تھا کہ آج جب جموں و کشمیر کی عمر پونے دو سو برس تھی اس کو دو حصوں میں منقسم کیا گیا جو دنیا کی تاریخ میں شاید پہلی بار ہوا ہے کہ ایک ریاست کو یونین ٹریٹری میں تبدیل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو دو وفاقی حصوں میں تبدیل کرکے ایسا ہی کیا گیا جیسے کسی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کو تھانہ دار بنایا جائے یا کسی وزیراعلٰی کو رکن اسمبلی اور چیف سیکریٹری کو پٹواری کے عہدے پر براجمان کیا جائے۔

انہوں نے کہا یہ ایک ایسا کام ہے جس کو کوئی عقل مند آدمی نہیں کر سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر پر افغانوں اور سکھوں کے دور حکومت میں بھی ظلم ہوا ہے۔ تاہم انہوں نے جموں و کشمیر کی سکھ برادری سے وابستہ لوگوں کی تعریفیں کیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں جموں و کشمیر میں لوگوں کے چہروں پر غم ہے اور ہر سو مایوسی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں پر طرح طرح کی پابندیاں عائد کی گئی ہیں جس کی وجہ سے وہ بات نہیں کر پا رہے ہیں اور خوش نہیں ہیں۔


خبر کا کوڈ: 965833

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965833/5-اگست-2019ء-کو-عقل-سے-عاری-فیصلہ-لیا-گیا-غلام-نبی-ا-زاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org