QR CodeQR Code

لوگ ووٹ کی تقسیم کی سازش سمجھیں، عمر عبداللہ

28 Nov 2021 11:36

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہم سے پانچ اگست 2019ء کو چھینا گیا ہم اسکو واپس حاصل کرکے ہی دم لیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر اور مقبوضہ کشمیر کے سابق وزیراعلٰی عمر عبداللہ نے کہا ہے کہ بھارتی حکومت جموں و کشمیر میں ووٹ کے بٹوارے کی سازشیں رچا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی نشستوں کی سر نو حدبندی کو لے کر بھی لوگوں کو آپس میں لڑوانے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ عمر عبداللہ نے کہا کہ جو کچھ ہم سے پانچ اگست 2019ء کو چھینا گیا ہم وہ حاصل کرکے ہی دم لیں گے کیونکہ یہ انصاف اور سچائی کی لڑائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن ہمیں احتیاط سے کام لینا ہوگا کیونکہ دہلی دو سازشیں رچا رہی ہے، ایک الگ الگ تنظیمیں بنا کر لوگوں کے ووٹ کا بٹوارا کیا جا رہا ہے اور دوسرا اسمبلی نشستوں کی حدبندی کو لے کر جموں کے لوگوں کو کشمیریوں کے ساتھ لڑوایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہم سے پانچ اگست 2019ء کو چھینا گیا ہم اس کو واپس حاصل کرکے ہی دم لیں گے۔ انہوں نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز ضلع ڈوڈہ کے گول سب ڈویژن میں پارٹی کارکنوں کے ایک جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔

نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ 5 اگست 2019ء کے بعد جموں و کشمیر کو کس طرف دھکیلا جا رہا ہے یہ ہمارے سمجھ میں نہیں آرہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے حکمرانوں کے ارادے کیا ہیں اور وہ کیا کرنا چاہتے ہیں یہ بھی ہماری سمجھ سے باہر ہے صرف یہ کہا جا رہا ہے کہ 2018ء تک یہاں کچھ بھی نہیں ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 ہٹانے کے بعد امن اور ترقی کا وعدہ کیا گیا جو کہیں نظر ہی نہیں آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی کی حد یہ ہے کہ ایک بے گناہ کی لاش حاصل کرنے کے لئے احتجاج کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لداخ کے لوگوں کا نوکریوں، زمین اور اسکالرشپ کا حق برقرار رکھا گیا لیکن جموں و کشمیر میں ڈومیسائل قانون لاگو کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 965834

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965834/لوگ-ووٹ-کی-تقسیم-سازش-سمجھیں-عمر-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org