QR CodeQR Code

حماس فلسطین کی نمائندہ جماعت ہے جو آزادی کی جدوجہد کر رہی ہے

فلسطین پر غاصبانہ قبضہ عالمی دہشتگردی ہے، فلسطین فاونڈیشن

اسرائیل کی سرپرستی کرنیوالے امریکہ و برطانیہ بڑے دہشتگرد ہیں، مقررین

28 Nov 2021 15:03

مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ ایک صدی قبل برطانوی استعمار نے اعلان بالفور کے ذریعہ فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپا تھا اور آج ایک سو سال بعد امریکہ اور برطانیہ کبھی صدی کی ڈیل اور کبھی فلسطینی تنظیموں کو دہشتگرد قرار دے کر مسئلہ فلسطین کو پس پشت ڈالنا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ حماس فلسطین کی نمائندہ جماعت ہے، حماس فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کر رہی ہے، پاکستان کے عوام حماس کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مختلف سیاسی و مذہبی قائدین نے فلسطین فائونڈیشن پاکستان کے زیراہتمام یوم یکجہتی فلسطین کے عنوان سے  لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ احتجاجی مظاہرے سے  فلسطین فائونڈیشن پاکستان لاہور چیپٹر کے ترجمان عثمان محی الدین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ فلسطینی تنظیم حماس کو دہشت گرد قرار دینے پر برطانوی حکومت کی شدید مذمت کرتے ہیں، حماس فلسطین کی نمائندہ جماعت ہے، حماس فلسطین کی آزادی کی جدوجہد کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک صدی قبل برطانوی استعمار نے اعلان بالفور کے ذریعہ فلسطینیوں کی پیٹھ میں خنجر گھونپا تھا اور آج ایک سو سال بعد امریکہ اور برطانیہ کبھی صدی کی ڈیل اور کبھی فلسطینی تنظیموں کو دہشتگرد قرار دے کر مسئلہ فلسطین کو پس پشت ڈالنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایک غاصب اور جعلی ریاست ہے اور فلسطین پر غاصبانہ تسلط اور اس کی حمایت ہی سب سے بڑی دہشتگردی ہے۔ رہنمائوں کا کہنا تھا کہ حقیقت میں اسرائیل کی سرپرست حکومتیں برطانیہ اور امریکہ سب سے بڑے دہشتگرد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حماس پورے عالم اسلام کے دل کی دھڑکن ہے۔ پاکستان کے عوام حماس کی حمایت کرتے ہیں۔

رہنمائوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حماس کو سرکاری سطح پر تسلیم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین تاریخ کے حساس ترین دور کا سامنا کر رہا ہے، ایک طرف عرب ریاستیں ہیں جو فلسطین پر قائم کی جانیوالی صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل کیساتھ دوستانہ تعلقات قائم کر رہی ہیں تو دوسری طرف مظلوم فلسطینی ہیں جو گزشتہ ایک صدی سے مسلسل آزادی کی جدوجہد میں مصروف عمل ہیں۔ آج دنیا کے سامنے حق اور باطل کے راستے واضح ہو چکے ہیں۔ فلسطین کا مسئلہ حق اور باطل کا مسئلہ ہے۔ جو بھی اسرائیل کا حامی ہے، یقینی طور پر باطل کیساتھ ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی عوام اپنے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں ہمارا فریضہ ہے کہ ہم فلسطینیوں کی حمایت جاری رکھیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ فلسطینیوں کو ان کے اپنے وطن سے بے گھر کرنے اور فلسطین پر صہیونی قبضہ کی منصوبہ بندی میں صہیونیوں کیساتھ ساتھ برطانوی استعمار اور امریکی سامراج برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں ایک صدی سے جاری ظلم و بربریت میں امریکہ اور برطانیہ برابر کے حصہ دار ہیں۔ مقررین نے کہا کہ پوری دنیا میں 29 نومبر کو فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے دن منایا جاتا ہے تاہم فلسطین فائونڈیشن پاکستان کی جانب سے اس دن کی مناسبت سے ہفتہ بھر کو یکجہتی فلسطین سے منسوب کرتے ہوئے ملک بھر میں یکجہتی فلسطین مہم چلائی گئی ہے۔ اس عنوان سے کراچی، لاہور، کوئٹہ اور اسلام آباد میں کانفرنسز اور مظاہرے منعقد کئے گئے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 965856

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965856/فلسطین-پر-غاصبانہ-قبضہ-عالمی-دہشتگردی-ہے-فاونڈیشن

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org