0
Sunday 28 Nov 2021 20:08

وزیر اعلیٰ خالد خورشید دو روزہ دورے پر سکردو پہنچ گئے

وزیر اعلیٰ خالد خورشید دو روزہ دورے پر سکردو پہنچ گئے
اسلام ٹائمز۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید دو روزہ دورے پر سکردو پہنچ گئے۔ ایئرپورٹ پر صوبائی وزیر زراعت کاظم میثم، دیگر صوبائی وزرا، کوارڈنیٹرز اور پارٹی قائدین نے استقبال کیا۔ وزیر اعلیٰ کو سکردو میں جاری اہم ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی گئی۔ سکردو میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے خالد خورشید نے کہا کہ مستقبل میں سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور چائنہ اورمچی کے مابین سروس شروع کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ آئندہ دس سالوں میں سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ کا شمار انتہائی مصروف ترین ایئرپورٹس میں ہوگا۔ گلگت میں بھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر کیلئے کنسلٹنسی اوپن ہو رہی ہے۔ جی بی میں دو انٹرنیشنل ایئرپورٹس بننے کے بعد ایک نئے دو ر کا آغاز ہوگا۔

بعد ازاں وزیر اعلیٰ خالد خورشید نے سکردو کواردو قمراہ شگر روڈ کا دورہ کیا۔ محکمہ تعمیرات کی جانب سے دی جانے والی بریفنگ کے موقع پر خالد خورشید نے سکردو میں دریائی کٹاؤ سے بچاؤ کیلئے فوری طور پر منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت سکردو کو دریائی کٹاؤ سے محفوظ بنانے کیلئے درکار وسائل فراہم کرے گی۔ وزیر اعلیٰ نے بلتستان کیلئے ایم ڈی آر ایف کا الگ فوکل پرسن مقرر کرنے کیلئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ خالد خورشید نے کہا کہ سکردو دریا کے کیٹ کیٹنگ کیلئے پرائیویٹ سرمایہ کاروں کو بھی راغب کیا جائے گا۔ سکردو میں ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی ہے کہ سکردو بائی پاس کی فزیبلٹی کو جلد از جلد تیار کیا جائے۔

وزیر اعلیٰ گلگت  بلتستان خالد خورشید نے قمراہ ہائی سکول کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر خالد خورشید نے  قمراہ ہائی سکول کو ہائیر سیکنڈری سکول کا درجہ دینے کیلئے محکمہ تعلیم کو اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ خالد خورشید نے کہا کہ  بلتستان میں سرمائی کھیلوں کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی کہ شگر پیجو روڈ انتہائی اہم منصوبہ ہے، اس منصوبے پر خصوصی توجہ دی جائے۔ وزیر اعلیٰ نے شگر میں عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شگر تا چھومک پل روڈ کے معیار کو یقینی بنایا جائے گا۔ شگر ہسپتال کے کام کو ٹارگٹ کیا گیا ہے، آئندہ سال تک ہسپتال کا کام مکمل کیا جائے گا۔ ضلع شگر کو مثالی ضلع بنائیں گے۔ سکولوں میں اساتذہ کی کمی دور کرنے کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ صحت اور تعلیم ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

صوبے میں فوڈ سیکورٹی کو یقینی بنانے کیلئے زراعت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ ایفاد پروجیکٹ کو تمام اضلاع تک وسعت دی جا رہی ہے۔ بجلی بحران پر قابو پانے کیلئے بلتستان میں پاور کے بڑے منصوبوں پر کام کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے سکردو شہر میں پیور مشین کے ذریعے میٹل کی جانے والی شاہراہوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر خالد خورشید نے محکمہ تعمیرات کو ہدایت کی کہ آئندہ سکردو میں تمام شاہراہوں کق پیور مشین کے ذریعے میٹل کیا جائے۔ سکردو ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو ہدایت کی ہے کہ سکردو شہر میں سٹریٹ لائٹس نصب کرنے کیلئے کاغذی کارروائی کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

سکردو ویو پوائنٹ کچورا سے شگر پاجو روڈ جو کہ کواردو قمراہ سے گزر کر جاتا ہے پر بھی بریفنگ دی گئی اور اسکی پی ایس ڈی پی میں اپرول کے لیے کردار ادا کرنے کے لیے صوبائی وزیر زراعت نے درخواست کی، جسے منظور کرانے کی وزیراعلی نے یقین دہانی کرائی۔ سکردو ویو پوائنٹ سے کیڈیٹ کالج، سکردو کے عقب سے گمبہ سکردو شگریکلان، گیول، شگری بالا، شگریخورد، کشمراہ، گونڈ، نیانیور سے سکردو سٹی تک کی بائی پاس کے لیے وزیر زراعت محمد کاظم میثم نے وزیر اعلیٰ سے درخواست کی اور اس اہم منصوبے کی اہمیت پر بریفنگ دی۔ اس منصوبے کے حوالے سے وزیر اعلیٰ جی بی نے متعلقہ محکمہ کو فوری طور پر فزییبلٹی جمع کرانے کی ہدایات دی اور انہوں نے رضامندی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد مذکورہ ایکسپریس وے کی زمین ہائیر کی جائے گی۔

وزیر زراعت نے حلقہ نمبر دو کے مسائل بلخصوص سندس، کتپناہ، رنگاہ رزسنا، حوطو اور کواردو میں دریائی کٹاو سے ہونے والے عوامی نقصانات پر روشنی ڈالی، جس پر وزیر اعلی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے چیف انجینئر کو حفاظتی بند کے لیے فوری طور پر سکیم کی فزیبلٹی جمع کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ دریائی کٹاو کو روکنے کے لیے فوری طور اقدامات کیے جائیں گے اور مستقبل میں بڑے پیمانے پر سکیمیں لے آئیں گے۔ دورہ سکردو کے موقع پر وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے دیگر وزرا کے ہمراہ کواردو قمراہ روڈ کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر قمراہ ہائی سکول میں عمائدین سے بھی ملاقات کی۔ عمائدین نے سکول کو درپیش مسائل پیش کیے۔ وزیر اعلیٰ نے انڈس کار ریلی کی سائیٹ کا بھی دورہ کیا۔ اپنے دورہ سکردو کے موقع جی بی کا سب سے بڑا پل کواردو پل کو آر سی سی کرنے کے لیے فزیبلٹی پر فوری کام کرکے رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔

دورہ سکردو کے موقع پر خالد خورشید نے کواردو کے معروف تعلیمی ادارے جامعہ طوسی کا بھی مختصر دورہ کیا، جہاں ادارہ کی کارکردگی کو سراہا اور مسائل کے حل کے لیے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی کرائی۔ قمراہ کواردو کے دورہ کے موقع پر سترنگدونگما دریائی کٹاو کا بھی نوٹس لیا گیا۔ کواردو قمراہ میں مختلف مقامات پر عمائدین نے جی بی کی تاریخ میں کسی وزیراعلیٰ کی جانب سے پہلی دفعہ دورہ کرنے پر انکا شکریہ ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ نے ایم ڈبلیو ایم جی بی کے سیکرٹری جنرل آغا علی رضوی کے والد مرحوم کی وفات کے سلسلے میں انکے گھر جا کر تعزیت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
خبر کا کوڈ : 965884
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش