QR CodeQR Code

حکومتی وزراء اعلانات کے ذریعے بلدیاتی الیکشن پر اثر انداز ہورہے ہیں، عبدالواسع

28 Nov 2021 21:20

تخت بھائی میں جماعت اسلامی کے امیدوار کے الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر قائمقام صوبائی امیر کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری کے سوا عوام کچھ نہیں دیا۔ اب عوام ان کی مہنگائی اور غلط پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے قائم مقام امیر عبدالواسع  نے کہا ہے کہ حکومت بلدیاتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کررہی ہے، حکومتی وزراء اعلانات کے ذریعے الیکشن پر اثر انداز ہورہے ہیں، الیکشن کمیشن اس کا نوٹس لے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تخت بھائی میں حاجی معزاللہ خان تحصیل امیدوار تخت بھائی کے مرکزی الیکشن آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی ضلع مردان کے امیر غلام رسول، تحصیل تخت بھائی کے امیدوار معزاللہ خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ عبدالواسع کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات میں حکومتی مداخلت کی مذمت کرتے ہیں، موجودہ حکومت نے مہنگائی اور بے روزگاری کے سوا عوام کچھ نہیں دیا۔ اب عوام ان کی مہنگائی اور غلط پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں۔ عوام کو دھوکہ دینے کے لئے اب ترقیاتی سکیموں کے اعلانات کئے جارہے ہیں۔ یہ الیکشن قوانین کی خلاف ورزی ہے، جب الیکشن مہم کا آغاز ہوگیا ہے تو وزراء اور ممبران پر حلقہ جات کے اندر انتخابی پروگرامات پر پابندی لگائی جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس صاف و شفاف قیادت موجود ہے، جو عوامی مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔ جماعت اسلامی کے امیدوار بلدیاتی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔ عبدالواسع نے کہا کہ حکومت نے غیر جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات کرانے کی کوشش کی تاکہ کامیاب ہونے والے آزاد امیدواروں کو خرید کر اپنی پارٹی میں شامل کرسکے لیکن پشاور ہائی کورٹ نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ اب صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے لیکن وہاں بھی صوبائی حکومت کو ناکامی کا سامنا ہوگا۔ پی ٹی آئی کی تین سالہ کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے اسی لئے وہ غیر جماعتی بنیادوں پر انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو مایوس کردیا ہے، نوے دن میں تبدیلی لانے اور پاکستان کی قسمت بدلنے کے اعلانات ہواؤں میں تحلیل ہوگئے۔ حکومت اس وقت شدید قسم کی بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے لئے جماعت اسلامی کی تیاریاں مکمل ہیں اور مختلف کیٹیگریز میں جماعت اسلامی کے امیدوار بلامقابلہ بھی کامیاب ہوچکے ہیں۔ ان شاء اللہ انیس دسمبر کو بھی بھرپور کامیابی حاصل کریں گے۔  


خبر کا کوڈ: 965887

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/965887/حکومتی-وزراء-اعلانات-کے-ذریعے-بلدیاتی-الیکشن-پر-اثر-انداز-ہورہے-ہیں-عبدالواسع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org