0
Sunday 28 Nov 2021 21:52

صوبے کا مطالبہ آئینی حق ہے، غدار کہنے والے سب سے بڑے غدار ہیں، خالد مقبول صدیقی

صوبے کا مطالبہ آئینی حق ہے، غدار کہنے والے سب سے بڑے غدار ہیں، خالد مقبول صدیقی
اسلام ٹائمز۔ اس قوم کے نوجوانوں نے اپنی جدوجہد کے ابتدائی سال یہ بتانے میں گزار دیئے کہ آپ مہاجر ہیں، اگر پاکستان کی زمین پر سب سے مضبوط حق ہے تو انہی لوگوں کا ہے جو ہندوستان سے ہجرت کرکے اپنے گھر کا پتہ ساتھ لائے، آپ کی زبان نہ ہوتی تو پاکستان گونگا رہ جاتا۔ ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے حیدرآباد میں اربن گریجویٹ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ ہمارا نظریاتی ردعمل سب سے زیادہ حب الوطنی پر مشتمل رہا ہے، آج پاکستان کی معیشت آپکی حب الوطنی پر ٹکی ہوئی ہے، حب الوطن اور وی آئی پی وہ کہلاتا ہے جو ٹیکس دیتا ہے، آج ہم خود طاقت باہر سے تلاش کررہے ہیں کبھی اسٹیبلشمنٹ میں کبھی حکمرانوں میں، 92ء کے آپریشن میں پتہ چلا کہ ہمارے ٹارچر سیل بھی ہیں، خود میرے کمرے سے ٹارچر سیل نکلا تھا ہمیں جلاوطن ہونا پڑا، جیلوں میں گئے اور روپوش ہوئے، ہمارا یہ قصور تھا کہ ایوانوں میں غریب و متوسط طبقے کے لوگوں کو جاگیرداروں کے خلاف بھیجا، کراچی میں آپریشن اس لئے ہوا کہ یہاں ترقی تھی امن تھا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ جس سنجیدگی کے ساتھ ایم کیو ایم پاکستان نے حیدرآباد یونیورسٹی کے تین سالوں کے لئے کوشش کی اتنا تیس سالوں میں کرتے تو کئی یونیورسٹیاں بن جاتیں، حیدرآباد میں وفاق کی یہ پہلی یونیورسٹی بن رہی ہے آخری نہیں۔ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ صوبے کا مطالبہ آئینی حق ہے  اس کو غدار کہنے والے سب سے بڑی غداری کے مرتکب ہیں، صوبے کا مطالبہ کرنا ہمارا آئینی و قانونی حق ہے یہ جرم نہیں ہے، اچھا وقت آپکی جانب بڑھ رہا ہے، آپکو اسکی تیاری کرنا چاہیئے، کراچی میں ہم یہ حوصلہ دلا رہے ہیں آپکے پاس یہ حوصلہ ہے کسی بھی جماعت کی ملک سے باہر اتنی مضبوط تنظیمی سازی تھی نا ہے، پاکستان کا فخر آپ سے شروع اور آپ پر ختم ہوتا ہے، آپکے حوصلے توڑنے کے آخری ادوار چل رہے ہیں، ایم کیو ایم وہ طاقت ہے جتنا دباتے ہیں اتنی تیزی سے ابھرتی ہے، آپ کے بغیر اس وطن کا گزارا نہیں آپ بنانے والے ہیں، پاکستان میں سب سے زیادہ مضبوط حق انہیں لوگوں کا ہے جو ہندستان سے ہجرت کرکے اپنے گھر کا پتہ ساتھ لائے۔
خبر کا کوڈ : 965891
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش