0
Monday 29 Nov 2021 09:34

لاہور، این اے 133 کا ضمنی انتخاب، شیعہ ووٹ بینک تقسیم ہوگیا

مجلس وحدت نے پیپلز پارٹی اور اسلامی تحریک نے نون لیگ کی حمایت کر دی
لاہور، این اے 133 کا ضمنی انتخاب، شیعہ ووٹ بینک تقسیم ہوگیا
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی الیکشن میں شیعہ ووٹ بینک تقسیم ہوگیا۔ مجلس وحدت مسلمین حالیہ ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حمایت کر رہی ہے جبکہ اس کے برعکس اسلامی تحریک پاکستان نے مسلم لیگ نون کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اسلامی تحریک پاکستان کے وفد نے گذشتہ روز لیگی رہنماء خواجہ عمران نذیر سے ملاقات کی۔ اسلامی تحریک کے وفد میں حافظ کاظم رضا نقوی، قاسم علی قاسمی، جعفر علی شاہ، صغیر ورک سمیت دیگر رہنماء شامل تھے۔ آئی ٹی پی کے رہنماوں نے لیگی رہنماء خواجہ عمران نذیر کو یقین دلایا کہ اسلامی تحریک مسلم لیگ نون کی امیدوار شائستہ پرویز ملک کی بھرپور حمایت کرے گی۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے شیعہ رہنماوں کی جانب سے حمایت کے اعلان پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

اس سے قبل مجلس وحدت مسلمین پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم گل کی حمایت کا اعلان کرچکی ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا اجلاس کاشانہ عباس میں ہوا تھا، جس میں حلقے کے تمام یو سی سیکرٹری جنرلز نے شرکت کی تھی۔ شرکاء نے مجلس وحدت مسلمین کی قیادت کے فیصلے پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے حلقے میں پاکستان پیپلز پارٹی کی انتخابی مہم میں بھرپور انداز میں معاونت کی آمادگی کا اظہار کیا تھا۔ اس اجلاس کے بعد مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین پنجاب علامہ عبدالخالق اسدی، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، مرکزی سیکرٹری سیاسیات ایم ڈبلیو ایم اسد نقوی، سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری، سید حسن کاظمی، سید حسن مرتضیٰ، ملک اقرار حسین نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب بھی کیا تھا۔

علامہ عبدالخالق اسدی نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ انیس سو اسی سے پہلے کے حالات الگ تھے، لیکن قابض حکمران کے آنے کے بعد دہشتگردوں کا راج قائم ہوگیا، ملک گیر جماعتوں کو علاقائی جماعت بنانے کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو وعدہ کاشانہ عباس علیہ السلام میں بیٹھ کر کیا ہے، عباس علمدار (ع) کے حبدار کارکنان اس وعدے کو نبھائیں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم گِل کو کامیاب بنانے میں کردار ادا کریں گے۔ سابق وزیراعظم پاکستان و مرکزی رہنماء پاکستان پیپلز پارٹی راجہ پرویز اشرف نے کہا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین نے بہت خوبصورت انداز میں اپنی حمایت کا اعلان کیا، ہم اس وقت میدان جنگ میں ہیں اور میدان جنگ میں جو بھی مدد کو آتا ہے، اس کا احسان زندگی بھر نہیں بھولتا۔
خبر کا کوڈ : 965941
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش