QR CodeQR Code

پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پیپلز پارٹی ہے، بلاول بھٹو زرداری

29 Nov 2021 18:56

پارٹی کے یوم تاسیس پر پیغام میں چیئرمین پی پی نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کے امتیاز کے خاتمے اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کا خواب حقیقت میں بدلنے والا ہے، وقت آگیا ہے کہ اب پاکستان میں حقیقی جمہوریت کو پاؤں جمانے دیا جائے اور لاڈلہ سازی کا خاتمہ کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ طویل جدوجہد اور بے مثال قربانیوں کے بعد، پاکستان میں جمہوریت کا ترجمہ پاکستان پیپلز پارٹی ہے، جس کا منشور و لائحہ عمل ہی، اب 22 کروڑ پاکستانیوں کے وطن کو ایک حقیقی جمہوری و فلاحی ریاست بنانے کا واحد راستہ ہے۔ پی پی پی چیئرمین نے پارٹی کے 55 ویں یومِ تاسیس کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک تحریک ہے، جس کی اساس ذوالفقار علی بھٹو کے نظریئے، بینظیر بھٹو کے فلسفے اور کئی نسلوں کی جدوجہد و قربانیوں پر محیط ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پی پی پی نے مشکل ترین حالات کا مقابلہ کرکے، ملک و قوم کو بیش بہا اسٹریٹجک تحفے دیئے، جن میں ملک کو پہلا متفقہ آئین، ناقابلِ تسخیر دفاع کے ضامن جوہری پروگرام اور میزائیل ٹیکنالوجی، صوبائی خودمختاری، اور زرعی و معاشی اصلاحات دینا شامل ہیں، پاک چین دوستی، سی پیک منصوبہ اور اسلامی سربراہی کانفرنس کی شکل میں سیاسی طور پاکستان کو اسلامی دنیا کو محور و مرکز بنانا بھی پی پی پی کا طرہِ امتیاز ہے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وہ آج کے دن ان تمام جیالوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے جمہوریت کے کاز کی خاطر اپنی جانوں کی قربانیاں دیں، کوڑے کھائے، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، جلاوطنی جھیلی اور غیرجمہوری قوتوں کے اسپانسرڈ میڈیا ٹرائیلز کے سامنا کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج تجدیدِ عہدِ نو کا دن ہے کہ ہم عوام کے حقِ حاکمیت، خواتین کی آزادی، اقلیتوں کی قومی دھارے میں شمولیت، جمہوری اداروں کو بااختیار، آئین کی حکمرانی، اور عوام کی بھبود و ترقی کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت اور جیالوں کی انتھک جدوجہد بار آور ہونے کے قریب ہے، ملک سے ہر قسم کے امتیاز کے خاتمے اور مساوات پر مبنی معاشرے کے قیام کا خواب حقیقت میں بدلنے والا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ وقت آگیا ہے کہ اب پاکستان میں حقیقی جمہوریت کو پاؤں جمانے دیا جائے اور لاڈلہ سازی کا خاتمہ کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 966038

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966038/پاکستان-میں-جمہوریت-کا-ترجمہ-پیپلز-پارٹی-ہے-بلاول-بھٹو-زرداری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org