QR CodeQR Code

کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون سے بچنے کیلئے وفاق کو مؤثر اقدامات اٹھانے ہونگے، عذرا پیچوہو

29 Nov 2021 20:59

پریس کانفرنس کے دوران وزیر صحت سندھ نے کہا کہ شروع کے دونوں میں اندازہ نہیں تھا کہ کس طرح وائرس سے بچا جائے، پہلے ویکسین نہیں تھی اس لئے سخت اقدامات لینے پڑے، اس وقت ویکسین موجود ہے جو کہ وائرس سے بچاؤ کا اہم ذریعہ ہے۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر صحت و بہبود آبادی سندھ ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا ہے کہ کورونا کے نئے ویرینٹ اومیکرون سے بچنے کے لئے وفاق کو مؤثر اقدامات اٹھانے ہونگے، ملک میں داخل ہونے والے افراد کا ایئرپورٹس اور دیگر داخلہ پوائینٹس پر ریپڈ اینٹی جینٹ یقینی بنایا جائے، سندھ حکومت کی طرف سے بوسٹر ڈوز مفت میں لگانے کا فیصلہ کیا ہے، سندھ کو بوسٹر ویکسین کے لئے 20 لاکھ خوراکوں کی ضرورت ہے۔ یہ بات انہوں نے سندھ اسمبلی میں واقع کمیٹی روم نمبر ون میں منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کہی۔ اس موقع پر پارلیمانی سیکریٹری قاسم سراج سومرو اور دیگر بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ کورونا کے نئے ویرینٹ اومی کرون کی جینومک پروفائیلنگ کے دوران 30 جگہوں پر تبدیلیاں دیکھی جا چکی ہیں، جس کے ویکسینیٹڈ افراد پر کیا اثرات ہونگے یہ کہنا ابھی قبل از وقت ہوگا لیکن ابھی ہمیں احتیاط کے ساتھ سنجیدگی کا مظاہرہ اختیار کرنا ہوگا۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وفاق کو ملک کی داخلہ پوائینٹس خاص طور پر ایئر پورٹس پر ریپڈ اینٹی جینٹ کے نظام کو دوبارہ شروع کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ویکسینیٹڈ افراد کو اگر دوبارہ کورونا ہوتا ہے تو سندھ حکومت کی طرف سے ان کی جینومک پروفائلنگ کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ احتیاط کا لازمی جز ویکسین لگوانا اور ماسک پہننا ہے۔ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ سندھ حکومت نے بوسٹر ڈوزز مفت لگانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ ہمارے پاس اتنے ڈوز نہیں کہ سب کو بوسٹر ڈوز لگا سکیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ ہم نے وفاق سے 10 لاکھ فائزر، 5 لاکھ موڈرنا اور 5 لاکھ ایسٹرا زینیکا کی فراہمی کا کہا ہے، یہ تمام خوراکیں بوسٹر ڈوز کے طور پر استعمال کی جائیں گی، اس کے علاوہ ہم اسکولوں کے بچوں کو بھی ویکسین لگا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ فرنٹ لائن ورکرز اور دیگر ہیلتھ پروفیشنلز کو بوسٹر ڈوز لگانے کا مرحلہ جلد مکمل کیا جائے گا۔

ایک سوال پر صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ شروع کے دونوں میں اندازہ نہیں تھا کہ کس طرح وائرس سے بچا جائے، پہلے ویکسین نہیں تھی اس لئے سخت اقدامات لینے پڑے، اس وقت ویکسین موجود ہے جو کہ وائرس سے بچاؤ کا اہم ذریعہ ہے، وفاق سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بوسٹر ڈوز مفت لگائی جائیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ تھر میں نیوٹریشن کی کمی کو پورا کرنے کے لئے 50 ڈسپینسریاں کھولی جائیں گی، بچے تندرست پیدا ہونگے تو اموات کی تعداد کم ہوجائے گی۔ ایم ڈی کیٹ کے حوالے سے سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ کابینہ کی منظوری کے بعد ہم 50 فیصد مارکس پر داخلہ دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جناح ہسپتال میں خالی آسامیوں پر جلد ڈاکٹرز بھرتی کئے جائیں گے اور جناح ہسپتال کے دیگر مسائل بھی جلد حل کئے جائیں گے۔


خبر کا کوڈ: 966053

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966053/کورونا-کے-نئے-ویرینٹ-اومیکرون-سے-بچنے-کیلئے-وفاق-کو-مؤثر-اقدامات-اٹھانے-ہونگے-عذرا-پیچوہو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org