QR CodeQR Code

حکمرانی آتی جاتی رہتی ہے لیکن ملک عزیز ہے، خورشید شاہ

30 Nov 2021 13:54

پی پی کے 54 ویں یوم تاسیس پر اپنے ایک بیان میں پیپلزپارٹی کے رہنماء کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمنٹ آدھے گھنٹے کے اندر تیس چالیس بل پاس کر دیتی ہے، یہ پارلیمنٹ نہیں بلکہ بابو کا آفس بن گیا ہے، پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ پارلیمنٹ کے اندر اسٹیمپ چھاپ لوگ آئیں۔ پارلیمنٹ سے عوام کے مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہیئے، نہیں چاہتے کہ ایسے حالات ہوں، جہاں انارکی پھیلائی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے رہنماء خورشید شاہ کا پی پی پی کے 54ویں یوم تاسیس کے موقع پر کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی انارکی پھیلا کر سیاست نہیں کرنا چاہتی، حکمرانی آتی جاتی رہتی ہے لیکن ملک عزیز ہے۔ خورشید شاہ نے پیپلز پارٹی کے 54 ویں یوم تاسیس پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پی پی تب وجود میں آئی، جب لوگوں کی زبانوں پر تالے تھے، پیپلز پارٹی کے وجود سے قبل عوام کا برا حال تھا، جس پر ذوالفقار علی بھٹو نے سیاسی جماعت بنانے کا سوچا۔ خورشید شاہ نے کہا ہے کہ قوم دن بدن مقروض ہوتی جا رہی ہے، جو 2008ء میں پچھتر ہزار کا مقروض تھا، آج سوا دو لاکھ کا مقروض ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں آئین و قانون کے تحت حکمرانی ہونی چاہیئے، پیپلز پارٹی استعفیٰ نہیں دے گی۔

استعفیٰ کسی بات کا حل نہیں ہوتا، 1997ء میں پیپلز پارٹی کے پاس 17 سیٹیں تھیں، لیکن دباؤ کے باوجود استعفیٰ نہیں دیا۔ خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ موجودہ پارلیمنٹ آدھے گھنٹے کے اندر تیس چالیس بل پاس کر دیتی ہے، یہ پارلیمنٹ نہیں بلکہ بابو کا آفس بن گیا ہے، پیپلز پارٹی نہیں چاہتی کہ پارلیمنٹ کے اندر اسٹیمپ چھاپ لوگ آئیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ سے عوام کے مسائل کا حل ڈھونڈنا چاہیئے، نہیں چاہتے کہ ایسے حالات ہوں، جہاں انارکی پھیلائی جائے۔ خورشید نے مزید کہا کہ پاکستان کو ادھار بھی بہت زیادہ سود پر دیا جاتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 966162

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966162/حکمرانی-آتی-جاتی-رہتی-ہے-لیکن-ملک-عزیز-خورشید-شاہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org