QR CodeQR Code

کشمیر کا ریاستی کردار بحال کرنے کی اشد ضرورت ہے، حکیم یاسین

30 Nov 2021 19:36

پارٹی ورکروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکیم یاسین نے کہا کہ جموں و کشمیر میں موجودہ غیر یقینی صورتحال میں بہتری لانے کیلئے جموں و کشمیر کا ریاستی کردار بحال کرنے کیساتھ ساتھ فوری طور اسمبلی انتخابات منعقد کئے جانے چاہئیں۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ حکیم یاسین نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ اعتماد سازی کے لئے مجوزہ اسمبلی انتخابات سے قبل ہی جموں و کشمیر کا ریاستی کردار بحال کریں۔ انہوں نے کہا کہ اعتماد سازی کے اس اقدام سے جموں و کشمیر میں موجودہ سماجی و سیاسی غیر استحکام کو کافی حد تک دور کرنے میں مدد ملے گی۔ قصبہ خانصاحب میں سکھناگ حلقہ کے پارٹی ورکروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حکیم یاسین نے کہا کہ جموں و کشمیر میں موجودہ غیر یقینی صورتحال میں بہتری لانے کے لئے جموں و کشمیر کا ریاستی کردار بحال کرنے کے ساتھ ساتھ فوری طور اسمبلی انتخابات منعقد کئے جانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ابتر صورتحال کی بنیادی وجہ سابق مرکزی و ریاستی حکومتوں کی طرف سے وقت وقت پر کئے گئے وعدوں سے انحراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ ذمہ داری موجودہ بھارتی قیادت کی ہے کہ وہ لوگوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرے تاکہ دلوں کی دوریوں اور آپسی شکوک و شبہات کو دور کیا جاسکے۔ حکیم یاسین نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ اپنی منفرد شناخت کا تحفظ اور اپنے آئینی حقوق کی بحالی چاہتے ہیں جس کو کسی کوتاہی کے بغیر پورا کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی کہ وہ سکھناگ پن بجلی پروجیکٹ پر فوری طور کام شروع کرانے کے احکامات صادر کرائیں کیونکہ یہ پروجیکٹ خانصاحب علاقے کی اجتماعی، اقتصادی اور سماجی ترقی کے لئے بنیادی اہمیت کا حامل ہے۔


خبر کا کوڈ: 966212

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/966212/کشمیر-کا-ریاستی-کردار-بحال-کرنے-کی-اشد-ضرورت-ہے-حکیم-یاسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org